ہنومان چالیسہ بند کرنے سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا: سنجے راوت

   

ممبئی: شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے جمعہ کو مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد بھی کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہو رہا ہے اور کشمیر میں امن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں اور کشمیری عوام کی زندگیوں کو خطرہ ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ ہنومان چالیسہ پڑھنے اور لاؤڈ اسپیکر کو بند کرنے سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا کشمیری پنڈت راہل بھٹ کی حالیہ ٹارگٹ کلنگ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شیو سینا کے راجیہ سبھا رکن نے کہا کہ انہیں پچھلے 7 سالوں میں وادی کشمیر میں واپس آنے والے کشمیری پنڈتوں کی تعداد کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے بھٹ کے قتل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنے کی اپیل کرتے ہوئے راوت نے کہا کہ پاکستان پر انگلی اٹھانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ یہ دیکھنا ہے کہ کشمیری پنڈتوں کے لیے کیا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پیدا ہونے والے عدم استحکام کے اس ماحول کو ختم کرنے کے لیے مرکز کو سخت فیصلے لینے چاہئیں۔