بھاگوت کی عمیر الیاسی سے ملاقات موضوع بحث

,

   

نئی دہلی :آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت اور آل انڈیا امام آرگنائزیش کے صدر ڈاکٹر امام عمیر احمد الیاسی کی ملاقات موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک چلی دونوں کی ملاقات میں کیا باتیں ہوئیں، اس تعلق سے بہت زیادہ خبریں تو سامنے نہیں آئی ہیں، لیکن اس ملاقات کے بعد امام عمیر الیاسی نے کچھ میڈیا اداروں سے بات کرتے ہوئے جو بیانات دیئے ہیں وہ بہت اہم تصور کئے جا رہے ہیں۔ امام عمیر الیاسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ہمارا (ہندو۔مسلم) ڈی این اے ایک ہی ہے، صرف عبادت کرنے کا طریقہ الگ ہے۔‘‘ ایک دیگر بیان میں انھوں نے موہن بھاگوت کو اس ملک کا ’راشٹرپتا‘ بتایا اور کہا کہ وہ ہندو۔مسلم اتحاد اور بھائی چارہ کا پیغام عام کر رہے ہیں۔ ’دینک بھاسکر‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ آر ایس ایس چیف ان کی دعوت پر شمالی دہلی میں واقع مدرسہ تجوید القرآن کا دورہ کرنے آئے تھے۔ موہن بھاگوت اس دوران مدارس کے بچوں سے بھی ملے۔ بھاگوت کے ساتھ آر ایس ایس سے منسلک ڈاکٹر کرشن گوپال، اندریش کمار اور رام لال بھی موجود تھے۔ عمر الیاسی نے کہاکہ موہن بھاگوت آج ہمارے ’راشٹر رشی‘ ہیں۔ وہ اس ملک کے ’راشٹرپتا‘ ہیں۔ راشٹرپتا کا ہمارے پاس آنا خوشی کی بات ہے۔اقلیتوں کے ساتھ ہندوستان میں ہو رہی تفریق جیسے الزامات پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وہ کہتے ہیں ’’مجھے لگتا ہے کہ ہم سبھی کو پیار و محبت سے رہنا چاہیے۔ ایک اطلاع کے مطابق موہن بھاگوت نے آل انڈیا مسلم امام آرگنائزیشن کے سربراہ امام عمیر احمد الیاسی سے کستوربا گاندھی مارگ پر واقع مسجد میں ملاقات کی اور پھر مدرسہ بھی گئے۔