آئندہ ماہ سے راج بھون میں باقاعدگی سے پرجا دربار

   

اگادی تقریب میں چیف منسٹر اور وزراء کی عدم شرکت ، تمیلی سائی سوندرا راجن کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن نے تلنگانہ کے عوام کو تلگو سال نو اگادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ راج بھون کو عوامی بھون میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ آئندہ ماہ سے راج بھون میں باقاعدگی سے پرجا دربار منعقد ہوگا ۔ راج بھون میں آج شام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس تقریب میں ہریانہ کے گورنر بنڈارو دتاتریہ ، مہاراشٹرا کے سابق گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ ، ججس کے علاوہ دیگر اہم شخصیتوں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی ، تلنگانہ سی پی آئی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی ، بی جے پی کے ارکان اسمبلی ایٹالہ راجندر ، این راگھونندن راؤ کے علاوہ دوسرے قائدین اور عہدیداروں نے شرکت کی ۔ گورنر تلنگانہ نے کہا کہ انہیں ان کے حدود اور اختیارات کا اندازہ ہے ۔ انہیں کوئی بھی کنٹرول نہیں کرسکتے ۔ تمیلی سائی سوندرا راجن نے ان کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے راج بھون میں تقریب کا حصہ بننے والوں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ ہرگز انانیت کا شکار نہیں ہے ۔ وہ اس تقریب کے لیے سب کو مدعو کرچکی ہیں ۔ وہ راج بھون کو عوامی بھون میں تبدیل کرچکی ہیں ۔ عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کے لیے راج بھون کے باہر شکایتی باکس لگا چکی ہیں ۔ تلنگانہ عوام کے لیے راج بھون فرینڈلی گورنر ہے ۔ راج بھون میں گورنر نہیں سسٹر آف تلنگانہ ہے ۔ ان میں انانیت نہیں ہے اور نہ ہی وہ کسی سے بیر رکھتی ہیں ۔ وہ کافی طاقتور ہے ۔ انہیں کوئی جھکا نہیں سکتے وہ تلنگانہ کے عوام کا احترام کرتی ہیں اور ان سے محبت کرتی ہیں وہ ریاست کے عوام کی خوشحالی چاہتی ہیں ۔ شکایتی باکس میں وصول ہونے والے مسائل کی یکسوئی کے لیے حکومت سے رجوع کریں گی ۔ راج بھون میں منعقدہ تقریب میں چیف منسٹر اور وزراء نے شرکت نہیں کی ۔۔ ن