آر ٹی سی ہڑتال ، عوام کو سخت مشکلات کا سامنا

   

دیگر ریاستوں کی بسوں میں ہجوم، حیدرآباد کے بس اسٹیشن سنسان، میٹرو اور ایم ایم ٹی ایس سے سفر کو ترجیح

حیدرآباد ۔22۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال نے ریاست بھر میں بس خدمات کو بری طرح متاثر کردیا ہے۔ حکومت کی جانب سے تشکیل شدہ عہدیداروں کی کمیٹی سے بات چیت کی ناکامی کے بعد جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے نصف شب سے ہڑتال کا آغاز کردیا۔ ہڑتال کے سبب آج ریاست بھر میں آر ٹی سی کی خدمات متاثر رہیں اور حکام نے خانگی ڈرائیورس کے ذریعہ بسوں کو چلانے کی کوشش کی لیکن ناکامی ہوئی۔ کرناٹک ، آندھراپردیش اور مہاراشٹرا کی بسوں میں مسافرین کا ہجوم دیکھا گیا۔ آر ٹی سی ملازمین نے تمام بس ڈپوز پر دھرنا منظم کرتے ہوئے مطالبات کی تکمیل کی مانگ کی۔ احتجاجی ڈرائیورس اور کنڈکٹرس نے خانگی ڈرائیورس کو بس ڈپو سے بس نکالنے کی اجازت نہیں دی۔ حیدرآباد کے جوبلی بس اسٹیشن اور مہاتما گاندھی بس اسٹیشن پر سناٹا چھایا ہوا تھا اور مسافرین کو دیگر ریاستوں کی بسوں کے انتظار میں دیکھا گیا۔ حیدرآباد کے تمام اہم بس ڈپوز ملازمین کے احتجاج کا منظر پیش کر رہے تھے۔ کل رات سے ہی ڈرائیورس نے بسوں کو متعلقہ ڈپوز میں چھوڑ دیا تھا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ہڑتال کی کامیابی کا دعویٰ کیا ۔ آر ٹی سی ہڑتال کے نتیجہ میں عوام نے میٹرو ٹرین ، ایم ایم ٹی ایس کے علاوہ آٹو اور کیاپس میں سفر کو ترجیح دی ہے۔ سڑکوں پر آر ٹی سی بسوں کی موجودگی سے ٹریفک میں کوئی خاص رکاوٹ نہیں دیکھی گئی۔ اسی دوران وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آر ٹی سی ملازمین سے ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مطالبات کی یکسوئی میں سنجیدہ ہے اور عہدیداروں کی کمیٹی جلد ہی حکومت کو رپورٹ پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 65 لاکھ افراد روزانہ آر ٹی سی سے سفر کرتے ہیں جن میں 45 لاکھ خواتین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین ، طلبہ اور خانگی ملازمین کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عہدیداروں کی کمیٹی کو چار ہفتے کی مہلت دی ہے۔ جے اے سی نے 32 مطالبات پیش کئے ہیں جن میں سے 29 مطالبات پر حکومت نے اتفاق کیا ہے۔ اسی دوران حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں عوام کو خانگی ٹرانسپورٹ کے استعمال کو ترجیح دیتے ہوئے دیکھا گیا۔ آر ٹی سی ملازمین کے اہم مطالبات میں آر ٹی سی کا حکومت میں انضمام اور یونینوں کی بحالی شامل ہے۔1/k