آسام میں انسداد تجاوزات مہم جاری، متاثرین کا احتجاج

   

سونیت پور (آسام) : آسام میں اراضیات پر تجاوزات کو ختم کرنے کے نام پر گزشتہ کئی ہفتوں سے مختلف علاقوں میں حکومت کی مہم جاری ہے۔ بی جے پی زیراقتدار ریاست میں اِس مہم کا زیادہ تر نشانہ اقلیتی آبادی والے علاقے بنتے دیکھے گئے ہیں۔ منگل کو ضلع سونیت پور میں بورا چکوری وائیلڈ لائف سینکچوری میں جے سی بی مشین کے ذریعہ غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کیا گیا۔ اِس کارروائی کے نتیجہ میں سینکڑوں دیہاتی بے گھر ہوگئے۔ آل آسام میناریٹی اسٹوڈنٹس یونین نے اِس مہم کو غیرانسانی اور یکطرفہ قرار دیتے ہوئے ضلع میں احتجاج منظم کیا۔ یونین نے بتایا کہ اُن کے پاس دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 2513 خاندان متاثر ہوئے ہیں جن کے تعلق سے حکومت نے دعویٰ کیاکہ وہ جنگلاتی علاقہ میں اراضی پر قبضہ کرکے رہ رہے تھے۔ حکام نے بتایا کہ تقریباً 100 بلڈوزر اور ٹریکٹرس کے ذریعہ آج صبح سے جنگلاتی اراضی کو تجاوزات سے پاک کیا گیا جس کے لئے کئی تعمیرات کو منہدم کرنا پڑا۔ اِس دوران سکیورٹی پرسونل کی بھاری تعیناتی رکھی گئی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو ٹالا جاسکے۔ متاثرین اور آسام میناریٹی اسٹوڈنٹس یونین کا کہنا ہے کہ حکومت کو متبادل انتظام کے بغیر اِس طرح کی کارروائی سے گریز کرنا چاہئے کیوں کہ جن لوگوں کو بے گھر کیا جارہا ہے وہ آسام کے ہی شہری ہیں۔