آندھرا پردیش میں راجیہ سبھا کیلئے وائی ایس آر کانگریس امیدواروں کا پرچہ نامزدگی داخل

   

حیدرآباد۔/25 مئی، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں راجیہ سبھا کی 4 نشستوں کیلئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے امیدواروں نے آج اپنے پرچہ جات نامزدگی داخل کئے۔ وجئے سائی ریڈی، بی مستان راؤ، نرنجن ریڈی اور آر کرشنیا نے ریٹرننگ آفیسر کے پاس پرچہ جات نامزدگی داخل کئے۔ لیجسلیچر ڈپٹی سکریٹری پی وی سبا ریڈی نے پرچہ جات نامزدگی قبول کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر نارائن سوامی، ریاستی وزراء بوتسہ ست نارائنا، پیدی ریڈی رامچندرا ریڈی، حکومت کے مشیر ایس رام کرشنا ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ واضح رہے کہ جگن موہن ریڈی نے 4 امیدواروں میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 2 امیدوار نامزد کرتے ہوئے ہر کسی کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ مقدمات کی پیروی کرنے والے نامور وکیل نرنجن ریڈی کا تعلق عادل آباد ضلع سے ہے جبکہ بی سی سنگھم کے صدر آر کرشنیا بھی تلنگانہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں تلگودیشم کے ٹکٹ پر ایل بی نگر اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کرچکے ہیں۔ وجئے سائی ریڈی کو دوسری میعاد کیلئے راجیہ سبھا بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آندھرا پردیش اسمبلی میں عددی طاقت کے اعتبار سے وائی ایس آر کانگریس کے تمام امیدواروں کا بلا مقابلہ منتخب ہونا یقینی ہے۔ر