آندھرا پردیش کے کونا سیما میں تشدد کا سلسلہ جاری

   

ضلع ایس پی کی گاڑی پر احتجاجیوں کی سنگباری
حیدرآباد۔/25 مئی، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے کونا سیما ضلع میں تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔ضلع کے نام کی تبدیلی کے خلاف احتجاج کرنے والے افراد نے آج ضلع ایس پی کی گاڑی پر سنگباری کی۔ مشرقی گوداوری کے کونا سیما کے راولہ پالیم علاقہ میں احتجاج کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ ضلع ایس پی ایشوریا صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے جب پہنچے تو رنگ روڈ پر احتجاجیوں نے ان کی گاڑی پر سنگباری کی۔ سنگباری میں کوئی زخمی نہیں ہوا تاہم پولیس نے احتجاجیوں کو ایس پی کی گاڑی سے دور کردیا۔ ضلع کے نام کی تبدیلی کے خلاف آج ’ چلو راولہ پالیم ‘ احتجاج منظم کیا گیا تھا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں احتجاجیوں نے حصہ لیا۔ پولیس کل املا پورم میں پیش آئے پُرتشدد واقعات کے پیش نظر سخت چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے۔ پولیس نے احتجاج پر پابندی عائد کردی ہے۔ ضلع ایس پی ایشوریا کی قیادت میں 300 سے زائد پولیس جوان بندوبست کی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ کونا سیما سادھنا سمیتی کے ارکان نے ایم آر او دفتر جانے کی کوشش کی تاکہ یادداشت پیش کی جاسکے۔ پولیس نے انہیں روک دیا جس پر احتجاجی برہم ہوگئے۔ ایس پی کی گاڑی پر سنگباری کرنے والے اشرار کی شناخت کی جارہی ہے۔ ر