حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کو دھرنا چوک اندرا پارک پر آج اس وقت تلخ تجربہ ہوا جب احتجاجی آٹو ڈرائیورس نے انہیں ’ بن بلائے مہمان‘ قرار دیتے ہوئے آنے کی وجہ دریافت کی۔ آٹو ڈرائیورس کی یونینوں نے دیرینہ مطالبات کے حل کیلئے دھرنا منظم کیا تھا۔ کے ٹی آر دھرنے میں شرکت کیلئے اپنی قیامگاہ سے آٹو میں اندرا پارک پہنچے۔ انہیں امید تھی کہ احتجاجی آٹو ڈرائیورس انہیں ہاتھوں ہاتھ لیںگے لیکن ان کے پہنچتے ہی معاملہ اُلٹ گیا۔ برہم آٹو ڈرائیورس نے کے ٹی آر سے سوال کیا کہ آپ کو کس نے بلایا ہے، ہم نے تو کوئی اطلاع نہیں دی تھی، آپ یہاں کیوں آئے ہیں؟۔ بعض آٹو ڈرائیورس نے کسی دعوت کے بغیر پہنچنے پر اعتراض جتایا اور کہا کہ آٹو ڈرائیورس کے مسائل سے زیادہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی فکر دکھائی دیتی ہے۔ برہم آٹو ڈرائیورس نے سوال کیا کہ دس سال تک اقتدار میں رہتے ہوئے آپ نے آٹو ڈرائیورس کیلئے کیا کیا تھا صرف شخصی اور سیاسی مقصد براری کیلئے احتجاج میں شرکت سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ ناراض آٹو ڈرائیورس کے سوالات کے درمیان ان کے قائدین نے مداخلت کی اور کے ٹی آر کو تقریر کا موقع دیا۔1