ادب کے میدان میں آج بھی خواتین کا اہم کردار :عقیل احمد

   

نئی دہلی : مشہور افسانہ نگار غزالہ قمر اعجاز کے افسانوی مجموعہ ‘مجھے بھی’ کا اجرا کرتے ہوئے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے پروفسر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ ایک زمانہ تھا جب خواتین کی تخلیقا ت کم منظر عام پر آتی تھیں اور انھیں اس راہ میں دشواریاں درپیش تھیں، مگر اب عورتیں کسی بھی میدان اور کسی بھی شعبے میں مردوں سے کمتر اور پیچھے نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج نسائی اور تانیثی تحریک کے زیر اثر بہت سی تخلیقات شائع ہورہی ہیں،جن میں عام سماجی معاملات کے علاوہ خالص خواتین سے متعلق موضوعات کا بھی احاطہ کیا جارہا ہے ۔ شیخ عقیل نے کہا کہ غزالہ قمر اعجاز کے افسانے بہت عمدہ ہیں اور انھوں نے تمام سماجی پہلوؤں کو اپنی تخلیقات میں سمیٹنے کی کوشش کی ہے ، فنی اعتبار سے بھی انھوں نے افسانے کے تمام لوازمات و شعریات کو ملحوظ رکھا ہے ، ان کی زبان بھی رواں اور سادہ ہے ۔معروف ادیب و ناقد حقانی القاسمی نے کہا کہ غزالہ قمر نئے عہد کی تخلیق کار ہیں اس لئے انھیں نئے سماجی و ادبی تقاضوں کا ادراک ہے اور ان کا اسلوب بیا ن بھی دلکش ہے ۔