ارپیتا مکھرجی کے 8 بینک کھاتوں سے 8 کروڑ کے لین دین کا انکشاف

   

کولکاتا: کروڑوں روپے کے مغربی بنگال اسکول سروس کمیشن بھرتی میں بے ضابطگیوں کی جانچ کر رہے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے ارپیتا مکھرجی کے 8 بینک کھاتوں سے 8 کروڑ روپے کے لین دین کا انکشاف کیا ہے۔ مرکزی ایجنسی نے ان کھاتوں کو منجمد کر دیا ہے۔ ای ڈی کے ذرائع نے کہا کہ اب وہ ان بینک کھاتوں میں دوطرفہ رقومات کے لین دین کی نشاندہی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پہلا وہ ذریعہ جہاں سے ان کھاتوں میں اتنی بڑی رقم منتقل کی گئی اور دوسرا چینل جہاں اس طرح کی رقم کو طے شدہ وقت میں منتقل کیا گیا تھا۔ ایجنسی کے ایک افسر نے کہا 3 اگست تک ارپیتا مکھرجی اور پارتھو چٹرجی کی حراست کے اس مرحلہ کے بقیہ دنوں میں ان سے پوری طرح پوچھ تاچھ کریں گے۔ تاہم اتوار کی دوپہر میں جب چٹرجی کو کولکاتا کے جنوبی علاقہ جوکا میں ای ایس آئی اسپتال لے جایا گیا۔ سابق وزیر نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس کوئی پیسہ نہیں ہے۔
تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ برآمد کی گئی بھاری رقم اور سونے کا اصل مالک کون ہے تو انہوں نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ای ڈی نے 23 جولائی کو جنوبی کولکاتا کے ٹالی گنج میں ڈائمنڈ سٹی ہاو?سنگ کمپلیکش واقع ارپیتا مکھرجی کے فلیٹ سے 31.20 کروڑ روپے کی ہندوستانی کرنسی، تقریباً 60 لاکھ روپے کی بیرونی کرنسی اور 90 لاکھ روپے کے سونے کے گہنے برآمد کئے تھے۔ای ڈی حکام نے 28 جولائی کو ایک بار پھر بیلگھریا کے ایک اور فلیٹ سے 27.90 کروڑ روپے کی ہندوستانی کرنسی اور 6 کلو سونا ضبط کیا تھا۔ ای ڈی کے عہدیداروں نے پہلے ہی دعوی کیا ہے کہ جو کچھ برآمد ہوا ہے وہ کروڑوں کے گھوٹالے میں حقیقی مالیاتی شراکت کا صرف ایک چھوٹا حصہ ہے۔ ارپیتا مکھرجی کے علاوہ پارتھا چٹرجی کے داماد کلیانموئے بھٹاچاریہ اور ان کے ماموں کرشن چندر ادھیکاری ان کمپنیوں میں سے کچھ کے ڈائریکٹر پائے گئے ہیں۔