ارکان اسمبلی خریدی معاملہ میں سپریم کورٹ نے جوں کا توں موقف برقرار رکھا

   

حیدرآباد۔13۔مارچ (سیاست نیوز) ارکان اسمبلی کی خریدی کے معاملہ میں سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی )کو آج سپریم کورٹ میں جھٹکہ لگا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے سی بی آئی تحقیقات پر جوں کا توں موقف برقرار رکھنے کی ہدایت دی اور اس مقدمہ کی آئندہ سماعت تک یہ موقف برقرار رہے گا۔ جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس ایم ایم سندریش پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے اپنے زبانی احکامات میں کہا کہ سی بی آئی کو اس معاملہ میں پیشرفت نہیں کرنی چاہئے ۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت گرمائی تعطیلات کے بعد 31 جولائی کو مقرر کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے بھارت راشٹر سمیتی( بی آر ایس) کے ارکان اسمبلی کی خریدی معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے حکم التواء کی درخواست کو مسترد کئے جانے کے بعد تلنگانہ پولیس نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی۔ سینئر ایڈوکیٹ دشنت داوے نے تلنگانہ پولیس کی جانب سے بحث کرتے ہوئے اس مقدمہ کو سی بی آئی کے حوالے کرنے کی مخالفت کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ابھی تک سی بی آئی کو کیس کی تفصیلات حوالے نہیں کی گئی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ یہ معاملہ زیر دوران ہیں ، لہذا سی بی آئی کوتحقیقات کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ دشنت داوے نے کیس کی سی بی آئی منتقلی کی صورت میں پیدا ہونے والی صورتحال سے واقف کرایا اور کہا کہ تحقیقاتی ایجنسی مرکزی حکومت کے کنٹرول میں ہے۔ ر
ر