ممبئی: مہاراشٹرا میں ایکناتھ شندے کی قیادت میں نئی حکومت کو بنے ہوئے 15 دن سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن کابینہ کی تشکیل نہیں ہو سکی ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ایک ٹھگ گینگ نے ممبران اسمبلی کو وزیر بنانے کے لیے دھوکہ دینے کی کوشش کی۔اس گینگ نے بی جے پی کے تین ایم ایل اے کو وزیر بنانے کے لیے 100 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے ایم ایل اے کو دھوکہ دینے کی کوشش میں چار ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ان کے نام ریاض شیخ، یوگیش کلکرنی، ساگر سنگوائی اور ظفر عثمانی ہیں۔ چاروں ملزمان کو 26 جولائی تک کرائم برانچ کی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ایم ایل اے سے انہیں شندے کی کابینہ میں کابینی وزیر بنانے کے لیے 100 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ریاض نے 90 کروڑ روپے کا سودا طے کیا، لیکن 18 کروڑ روپے پیشگی مانگے۔ اس کے بعد ایم ایل اے نے ریاض کو اگلے دن تک رکنے کو کہا اور یہ بات اپنے پرائیویٹ سیکرٹری کو بتائی۔