سماجی فاصلہ کے ساتھ ارکان کی نشستیں، کووڈ قواعدپر عمل آوری کی ہدایت
حیدرآباد: اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے 15 مارچ سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاری لو اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اسمبلی کے مختلف گوشوں کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامات کو قطعیت دی ۔ کورونا وباء کے پیش نظر ایوان میں سماجی فاصلہ کے ساتھ نشستوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ اسپیکر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کورونا قواعد پر سختی سے عمل کیا جائے ۔ ارکان کے علاوہ وزیٹرس کے لئے بھی کورونا قواعد پر عمل کرنے کی ہدایت دی۔ سرینواس ریڈی نے بعد میں یشودھا ہاسپٹل پہنچ کر صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی کی عیادت کی جو زیر علاج ہیں۔ اسپیکر نے عاجلانہ صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ سیشن سے گورنر ٹی سوندرا راجن 15 مارچ کو 11 بجے دن خطاب کریں گے۔ 16 مارچ کو آنجہانی ارکان اسمبلی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اجلاس کو ملتوی کیا جائے گا ۔ 17 مارچ کو گورنر کے خطبہ پر مباحث اور جواب رہے گا۔ ریاستی بجٹ 18 مارچ کو 11.30 بجے دن پیش کیا جائے گا۔ وزیر فینانس ہریش راؤ بجٹ پیش کریں گے۔ توقع ہے کہ مارچ کے اختتام تک اجلاس جاری رہے گا۔ کونسل کے گریجویٹ نشستوں کے انتخابات کے پیش نظر اجلاس کو رائے دہی کے بعد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کم از کم 10 دن تک اجلاس جاری رکھنے کے حق میں ہیں۔