اشفاق اللہ خاں اور رام پرساد بسمل کو تنظیم انصاف کا خراجسی پی آئی سکریٹری عزیز پاشاہ کا خطاب

   

حیدرآباد۔/20ڈسمبر،( سیاست نیوز) آل انڈیا تنظیم انصاف حیدرآباد کی جانب سے شہید اشفاق اللہ خاں، رام پرساد بسمل اور دیگر دو مجاہدین آزادی کو خراج پیش کیا گیا۔ انگریزوں نے 96 سال قبل انہیں پھانسی دے دی تھی۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ جو آل انڈیا تنظیم انصاف کے صدر بھی ہیں کہا کہ چار مختلف جیلوں میں مجاہدین آزادی کو پھانسی دی گئی۔ اشفاق اللہ خاں کو27 سال کی عمر میں پھانسی دی گئی جب انہوں نے انگریزوں کیلئے کام کرنے سے انکار کیا تھا۔ شاہجہاں پور سے تعلق رکھنے والے اشفاق اللہ خاں اسکول کے زمانہ سے ہی برطانوی راج کے خلاف برسرپیکار تھے۔ رام پرساد بسمل نے بھی انگریزوں کی حکمرانی کے خلاف آواز بلند کی تھی۔ 20 افراد کو انگریز سامراج نے گرفتار کیا جن میں چار کو پھانسی کی سزا سنائی گئی۔ اشفاق اللہ خاں نے جیل میں اپنی سوانح حیات تحریر کی۔ ہندوستان مجاہدین آزادی کو فراموش نہیں کرے گا۔ منیر پٹیل ریاستی صدر تنظیم انصاف نے مجاہدین آزادی کو خراج پیش کیا۔ صدر حیدرآباد تنظیم انصاف شیخ ندیم نے شکریہ ادا کیا۔تنظیم انصاف کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں مجاہدین آزادی کی یاد میں تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو ان کے قربانیوں سے واقف کروایا جائے ۔ر