اقلیتی بہبود کا بجٹ آخر کتنا ہے ؟

   

اردو ، تلگو اور انگلش تقریر میں الگ الگ اعداد و شمار ، گزشتہ کے مقابلہ 8 کروڑ کی کمی کا اندیشہ
حیدرآباد: تلنگانہ میں اقلیتی بہبود کا بجٹ آخر کتنا ہے؟ اسمبلی میں وزیر فینانس ہریش راؤ کی جانب سے بجٹ کی پیشکشی کے موقع پر تین زبانوں میں تقریر ارکان و میڈیا کو فراہم کی گئی ۔ عموما تینوں زبانوں میں بجٹ تقریر اور خاص طور پر بجٹ کے اعداد و شمار یکساں ہوتے ہیں۔ سکریٹری لیجسلیچر کی نگرانی میں بجٹ تقریر کا انگریزی اور اردو میں ترجمہ کرایا جاتا ہے ۔ اگر اعداد و شمار ہر زبان میں مختلف ہوں تو اسے کس کی کوتاہی سمجھا جائے۔ حکومت نے اقلیتی بہبودکیلئے آخر کتنا بجٹ مختص کیا ، اس بارے میں اقلیتوں میں سوالات پیدا ہوسکتے ہیں۔ ہریش راؤ نے تلگو میں بجٹ پیش کیا اور تلگو تقریر میں اقلیتی بہبود کا بجٹ 1606 کروڑ بتایا گیا ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انگریزی کاپی میں اقلیتی بہبود کا بجٹ 1602 کروڑ ہے جبکہ اردو کاپی میں 1629 کروڑ درج کیا گیا ۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر کس بجٹ پر بھروسہ کیا جائے ۔ اقلیتی بہبود کا بجٹ عام طور پر مکمل جاری نہیں کیا جاتا لیکن تینوں زبانوں میں تین علحدہ اعداد و شمار کی پیشکشی سے عہدیداروںکی اقلیتوں سے عدم دلچسپی کا اظہار ہوتا ہے۔ انگریزی و اردو ترجمہ کے بعد شائد تصحیح نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں یہ غلطی ہوئی ۔ صرف اقلیتی بجٹ کے ساتھ اس طرح کی غلطی جان بوجھ کر کی گئی یا بجٹ کے اعداد و شمار عہدیداروں کے پاس مختلف ہیں، اس پر حکام کو وضاحت کرنی چاہئے ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے 1606 کے اعتبار سے تنخواہوں منہا کرکے اسکیمات کے بجٹ کا جائزہ لیا تو گزشتہ سال کے مقابلہ اس مرتبہ 8 کروڑ کم مختص کئے گئے ہیں جبکہ وزیر اقلیتی بہبود نے 88 کروڑ اضافہ کا دعویٰ کیا ہے ۔ تنخواہوں کے بجٹ کے علاوہ اقامتی اسکولوں کے بجٹ کو علحدہ کرکے جاریہ اسکیمات کیلئے بجٹ تقسیم کیا گیا جس پر عہدیداروں کو گزشتہ کے مقابلہ 8 کروڑ کی کمی کا پتہ چلا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکیمات کیلئے 941 کروڑ مختص کئے گئے ہیں ۔ محکمہ کے اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ اقلیتی بہبود کے بجٹ میں کوئی خاص اضافہ یا تبدیلی نہیں ہوئی ہے ۔