امرتسر میں سوشل میڈیا انفلوئنسر کا قتل، برطانیہ میں مقیم گینگسٹر نے لی ذمہ داری

   

چندی گڑھ۔4؍اکتوبر ( ایجنسیز )امرتسر میں سوشل میڈیا انفلوئنسر میڈ سندھو کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ لوہارکا روڈ علاقے میں موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ واردات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ گولڈی ڈھلون اور جگا ترن تارن نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ وہیں پنجاب پولیس کے ذرائع کے مطابق گولڈی ڈھلون فرار ہے اور اس کے برطانیہ میں چھپے ہونے کی اطلاع ہے۔ گولی لگنے کے بعد میڈ سندھو کو انتہائی نازک حالت میں فوری قریبی ہاسپٹل لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ پولیس آفیسر نے بتایا کہ پولیس کی کئی ٹیمیں معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔ پولیس کو ملزمین سے متعلق کچھ اہم سراغ ملے ہیں۔ اس واردات کے بعد ریاست میں سیاست بھی تیز ہو گئی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر راج کمار ویرکا نے واردات پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔