امریکہ سے ایسا کوئی وعدہ نہیں کریں گے جو پورا نہ کرسکیں: محمود قریشی

,

   

واشنگٹن/21 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم امن و استحکام کی بات کررہے ہیں، امریکہ سے ایسا کوئی وعدہ نہیں کریں گے جو پورا نہ کر سکیں، ہم مدد کی نہیں تجارت کی بات کررہے ہیں، اس لیے امریکہ میں امداد مانگنے نہیں بلکہ نئی سوچ اور نقطہ نظر کے ساتھ امریکہ آئے ہیں۔واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت قوم مشکل معاشی صورت حال سے دوچار ہے جو ورثے میں ملی ہے لیکن دورہ امریکہ میں خود داری سے بات کریں گے اور عمران خان امریکہ میں پاکستان کا مقدمہ لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹلوں کے بند کمروں میں کمیونٹی اجلاس ہوتے رہے ہیں،امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی عمران خان کو سننا چاہتی ہے اور وہ نئے پاکستان کے تصور سے آگاہ ہونا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کا اتنا بڑا ایونٹ پہلے کبھی نہیں ہوا،وزیراعظم عمران خان کو گرائونڈ میں سننے اب تک 19ہزار افراد نے رجسٹریشن کرالی ، عمران خان کیپیٹل ون ارینا اسٹیڈیم میں پاکستانی کمیونٹی سے 21 جولائی کو خطاب کرینگے ۔افغان امن سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں امن امریکہ اور پاکستان کا مشترکہ مفاد ہے، افغانستان میں امن و استحکام کیلئے امریکہ سے مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کا پڑوسی نہیں البتہ افغانستان میں سرمایہ کاری کی ہے،ہم جنوبی ایشیا میں ترقی کا راستہ کھولنے ہرسطح پرکوشش کررہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے پاکستان و بھارت کے درمیان حال میں کرتارپور راہداری منصوبے کے دوسرے دور کی مثبت پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔