امریکی کونسلیٹس میں سالانہ اسٹوڈنٹس ویزا ڈے منایا گیا

   

2500 طلبہ کا انٹرویو، امریکی یونیورسٹیز میں تعلیم کی حوصلہ افزائی
حیدرآباد۔/7 جون، ( سیاست نیوز) ہندوستان میں امریکی مشن کی جانب سے آج چھٹا سالانہ اسٹوڈنٹ ویزا ڈے منایا گیا۔ یو ایس کونسلیٹ جنرل حیدرآباد کے کونسلر آفیسرس کے علاوہ نئی دہلی میں امریکی سفارت خانہ اور چینائی، کولکتہ اور ممبئی کونسلیٹ میں یہ دن منایا گیا۔ 2500 ہندوستانی طلبہ کا انٹرویو کیا گیا جنہوں نے ویزا کیلئے درخواست دی تھی۔ چارج ڈی افیرس پیٹریکیا لیسینا اور کونسلس جنرل نے ہندوستان بھر میں ویزا حاصل کرنے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اعلیٰ تعلیم کے معاملہ میں بین الاقوامی طلبہ کیلئے عالمی مرکز کا موقف رکھتا ہے۔ چارج لیسینا نے کہا کہ آج ہم نے ہند ۔ امریکی تعلقات کے استحکام میں ایک نیا سنگ میل عبور کیا ہے۔ دونوں ممالک کے بہتر تعلقات کے 75 سال منائے جارہے ہیں۔ اسٹوڈنٹ ویزا ڈے سے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں مزید تعاون بہتر ہوگا۔ جاریہ سال 2 لاکھ سے زائد ہندوستانی طلبہ امریکہ کے مختلف تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں جو امریکہ میں موجود بین الاقوامی طلبہ کا 20 فیصد سے زائد حصہ ہے۔ ڈان ہیفلن منسٹر کونسلر فار کونسلر افیرس ان انڈیا نے کہا کہ جاریہ سال کونسلر آفیسرس نے سابق کے مقابلہ زیادہ طلبہ کا انٹرویو کیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ویزا کی اجرائی میں گزشتہ سال کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔ کونسلر فار کلچرل اینڈ ایجوکیشنل افیرس انٹونی نرنڈا نے کہا کہ ہم بین الاقوامی طلبہ کے شکر گذار ہیں جنہوں نے امریکہ میں تعلیم کی اہمیت کی مسلمہ حیثیت کو تسلیم کیا ہے۔ یو ایس مشن امریکہ میں اعلیٰ تعلیم میں حصول میں دلچسپی رکھنے والے تمام طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ ایجوکیشن یو ایس اے کے تحت امریکہ کے 4 ہزار سے زائد مسلمہ کالجس اور یونیورسٹیز کے علاوہ ہندوستان میں 8 اڈوائزنگ سنٹرس موجود ہیں۔ طلبہ مزید تفصیلات کیلئے ویب سائیٹ educationusa.state.gov کے علاوہ فیس بک اور انسٹا گرام پر تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔ر