آندھرا پردیش میں حکومت کی تشکیل، مسلم تحفظات پر موقف میں کوئی تبدیلی نہیں
حیدرآباد۔/14مئی، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں بی جے پی کی شاندار کامیابی کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2019 کے مقابلہ مغربی بنگال، اتر پردیش، تلنگانہ، آندھرا پردیش اور اڈیشہ سے بی جے پی کو اس مرتبہ زائد نشستیں حاصل ہوں گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے امیت شاہ نے ملک میں بی جے پی کو 400 نشستوں کے حصول کا دعویٰ کیا ہے۔ ابتدائی تین مراحل میں رائے دہی کے فیصد میں کمی سے بی جے پی کو نقصان سے متعلق خبروںکو مسترد کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہاکہ رائے دہی کے فیصد میں کمی سے اپوزیشن کو نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں این ڈی اے اتحاد بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا اور ریاست میں حکومت تشکیل پائے گی۔ امیت شاہ نے اروند کجریوال کی انتخابی مہم سے بی جے پی کو نقصان کی اطلاعات کو مسترد کردیا اور کہا کہ کجریوال کی مہم سے بی جے پی پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا۔ امیت شاہ نے دہرایا کہ مذہب کی بنیاد پر تحفظات کی دستور میں گنجائش نہیں ہے لہذا بی جے پی تلنگانہ میں مسلم تحفظات کو ختم کرنے کے وعدہ پر قائم ہے۔ امیت شاہ کا کہنا ہے کہ اروند کجریوال کو ضمانت کی منظوری اس بات کا ثبوت نہیں کہ وہ شراب اسکام میں بے قصور ہیں۔1