امیت شاہ 12 مارچ کو حیدرآباد کا دورہ کریں گے

   

انتخابی حکمت عملی ، پول مینجمنٹ پر ایل بی اسٹیڈیم میں پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیں گے
حیدرآباد۔/7 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں بی جے پی کی انتخابی حکمت عملی اختیار کرنے کیلئے بی جے پی کے قومی قائد و مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 12 مارچ کو تلنگانہ کا دورہ کررہے ہیں جہاں وہ ایل بی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اس اجلاس میں پولنگ بوتھ کمیٹیوں کے بی جے پی قائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔ بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ امیت شاہ اس اجلاس میں لوک سبھا انتخابی حکمت عملی، پول مینجمنٹ، بی جے پی امیدواروں کے حق میں رائے دہی کرانے کے معاملہ میں شعور بیداری کریں گے۔ واضح رہے کہ کانگریس اور بی آر ایس سے قبل بی جے پی نے 17 کے منجملہ9 لوک سبھا حلقوں کیلئے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے ماباقی امیدواروں کا انتخاب کرنے کیلئے بی جے پی قومی قیادت مختلف دعویداروں کے ناموں پر غور کررہی ہے۔ بی جے پی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس دہلی میں چہارشنبہ کو منعقد ہونے والا تھا جسے ملتوی کرتے ہوئے جمعہ کو مقرر کیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں تلنگانہ کے ماباقی امیدواروں کا اعلان کرنے کا قوی امکان ہے۔ پیر اور منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی نے تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا اور ساتھ ہی عادل آباد اور سنگاریڈی میں بی جے پی کے دو جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی قائدین و کارکنوں میں نیا جوش و خروش پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے ساتھ ہی بی آر ایس اور کانگریس پر تنقیدیں کرتے ہوئے سیاسی ماحول کو گرما دیا ہے۔ بی جے پی کی جانب سے لوک سبھا انتخابات کیلئے اعلان کئے جانے والی حکمت عملی پر دہلی میں غور کیا جارہا ہے۔ ابھی تک پارٹی قائدین سے تجاویز حاصل کی گئی ہیں۔ بی جے پی کی قومی قیادت لوک سبھا انتخابات کیلئے ہر ریاست کیلئے علحدہ علحدہ منشور جاری کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ 2

اس کے علاوہ تلنگانہ میں حکمراں کانگریس اور اصل اپوزیشن بی آر ایس کے خلاف بھی چارج شیٹ جاری کرنے کی بھی تیاریاں کررہی ہیں۔2