ضلع وزیر، کلکٹراور ایس پی کو طلبہ سے ملاقات کی ہدایت
حیدرآباد ۔30۔ اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے کرشنا ضلع کے خانگی انجنیئرنگ کالج کے ہاسٹل میں خفیہ کیمروں کی تنصیب کے معاملہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے عہدیداروں کو اس معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ ضلع کرشنا کے گڈلا ویلورو میں واقع ایس آر انجنیئرنگ کالج کے ہاسٹل میں خفیہ کیمروں کے ذریعہ حاصل کی گئی ویڈیوز پر طلبہ نے احتجاج کیا۔ طلبہ نے شکایت کی کہ انجنئرنگ کالج کے گرلز سیکشن کے واش روم میں خفیہ کیمرے نصب کئے گئے۔ طلبہ نے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نارا لوکیش سے نمائندگی کرتے ہوئے خفیہ کیمروں کے ویڈیوز حوالے کئے۔ چندرا بابو نائیڈو نے اس واقعہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ضلع سے تعلق رکھنے والے وزیر کے رویندر، ضلع کلکٹر اور ایس پی کو کالج کا دورہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ضلع کلکٹر ڈی کے بالاجی اور ایس پی گنگادھر راؤ نے طلبہ سے ملاقات کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کیں۔ پولیس نے تیقن دیاکہ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ نارا لوکیش نے طلبہ کو حکومت کی جانب سے مکمل تحفظ فراہم کرنے کا تیقن دیتے ہوئے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی۔ نارا لوکیش نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم X پر بتایا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہیں ہوگا۔ 1