حکومت 5 لاکھ روپئے کی سبسیڈی دے گی ، خوش نصیبوں کو 6 لاکھ روپئے ادا کرنا ہوگا
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے CURE کے تحت تعمیر کئے جانے والے اندراماں ہاوزنگ ٹاورس پراجکٹ کے لیے ایک خصوصی ہیلپ لائن کا آغاز کیا ہے تاکہ شہریوں کو درخواست کے عمل اور دیگر معلومات میں آسانی فراہم کی جاسکے ۔ اس ہیلپ لائن کا ریاستی وزیر ہاوزنگ پی سرینواس ریڈی نے افتتاح کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہیلپ لائن 040-24603572 صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک تلگو ، ہندی ، انگریزی اور اردو زبانوں میں خدمات انجام دے گا ۔ ریاستی وزیر ٹی سرینواس ریڈی نے درخواست کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی وضاحت کرتے ہوئے چند اہم نکات پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ درخواست داخل کرتے وقت کسی بھی اضافی دستاویزات کو جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ درخواست گذار کو کم از کم 10 سال تک CURE علاقے میں مقیم ہونا لازمی ہے ۔ خاندان کی سالانہ آمدنی 6 لاکھ روپئے سے کم ہونی چاہئے ۔ ایک خاندان سے صرف ایک درخواست قبول کی جائے گی ۔ جن افراد کا CURE یا آوٹر رنگ روڈ کی حدود میںپہلے سے اپنا مکان یا زمین موجود ہے وہ اس اسکیم کے لیے اہل نہیں ہوں گے ۔ اگر کسی درخواست گذار کو فلیٹ الاٹ نہیں ہوتا ہے تو 10 ہزار EMD کی رقم UPI یا نیٹ بنکنگ کے ذریعہ اسی بنک اکاونٹ میں واپس کردی جائے گی ۔ ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی نے بتایا کہ اندراماں ہاوزنگ ٹاورس میں ایک فلیٹ کی قدر 40 لاکھ تا 60 لاکھ روپئے تک ہے ۔ تاہم حکومت 5 لاکھ روپئے کی سبسیڈی فراہم کررہی ہے ۔ ماباقی 6 لاکھ روپئے جنہیں فلیٹ الاٹ ہوا انہیں ادا کرنا ہوگا ۔ وزیر نے واضح کیا کہ اگر اہل درخواست گذاروں کی تعداد دستیاب فلیٹس سے زیادہ ہو تو تمام الاٹمنٹس شفاف طریقے سے قرعہ اندازی کے ذریعہ کئے جائیں گے ۔۔ 2/a/b