انسانی حقوق کمیشن کی ٹیم کا دورہ لگچرلہ سنگاریڈی سنٹرل جیل میں کسانوں سے ملاقات

   

حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) قومی انسانی حقوق کمیشن کی ٹیم نے کوڑنگل کے لگچرلہ موضع کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کی۔ اراضیات کے حصول کے سلسلہ میں ایس سی، ایس ٹی طبقات سے تعلق رکھنے والے کسانوں پر مظالم کی شکایات پر قومی انسانی حقوق کمیشن نے ٹیم روانہ کی ہے۔ عہدیداروں کی اس ٹیم نے سنگاریڈی میں واقع سنٹرل جیل کا دورہ کرتے ہوئے 21 محروس کسانوں سے ملاقات کی۔ کلکٹر اور دیگر عہدیداروں پر حملے کے الزام میں مذکورہ کسانوں کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دیا گیا ہے۔ کمیشن کے انسپکٹرس روہت سنگھ اور یتی پرکاش ورما کے علاوہ ڈپٹی رجسٹرار آف لا مکیش نے جیل میں محروس کسانوں سے بات چیت کی۔ ٹیم نے لگچرلہ گاؤں کی صورتحال کے بارے میں عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ قومی انسانی حقوق کمیشن نے عہدیداروں کی رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ 11 نومبر کو لگچرلہ میں گاؤں والوں نے ضلع کلکٹر پرتیک جین اور دیگر عہدیداروں پر حملہ کیا تھا۔ کسانوں نے انسانی حقوق کمیشن سے شکایت کی کہ پولیس نے نہ صرف مرد حضرات بلکہ خواتین کے ساتھ بھی بدسلوکی کی ہے۔ عہدیداروں نے خواتین سے بات چیت کی اور تفصیلات حاصل کیں۔ بتایا جاتا ہے کہ انسانی حقوق کمیشن کی یہ ٹیم حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں سے بھی ملاقات کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لے گی۔ 1