20 ماہ کی مکمل تربیت، کمرشیل پائلٹ لائسنس CPL اور ATR کی ٹریننگ بھی شامل
انٹر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ، انڈیگو ریچ اور بھارت کیرز ٹرسٹ کے درمیان یادداشت مفاہمت
حیدرآباد۔ 5 اگست (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی معاشی طور پر پسماندہ خاندانوں سے تعلق رکھنے والی ہونہار طالبات کے لیے ایک زبردست اور سنہری پیشرفت سامنے آئی ہے۔ تلنگانہ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ اور مشہور ایوی ایشین کمپنی ’’انڈیگو‘‘ کی سی ایس آر شاخ انڈیگو ریچ (Indi Go Reach) کے درمیان ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے ہیں جس کے تحت ریاست میں انٹرمیڈیٹ کی تعلیم مکمل کرنے والی لڑکیوں کو مفت پائلٹ کی تربیت فراہم کی جائیگی۔ انٹر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی ڈائرکٹر ابھیلاشا ابھینو اور بھارت کیرز ٹرسٹ کے نمائندے سی سائی نے اس معاہدے کے دستاویزات کا باضابطہ تبادلہ کیا۔ یہ پائلٹ ٹریننگ پروگرام انڈیگو ریچ اور بھارت کیر ٹرسٹ کے اشتراک سے (Giving Wing to FLY Program) کے تحت نافذ کیا جارہا ہے۔ یہ تربیت 20 ماہ پر محیط ہوگی اس تربیت کی مدت کے دوران کمرشیل پائلٹ لائسنس (CPL) اور (ATR) قسم کی طیارہ رانی کی درجہ بندی و تربیت، قیام، طعام، میڈیکل انشورنس، منٹر شپ اور کیریئر گائیڈنس کے تمام تر اخراجات متعلقہ ادارے خود برداشت کرینگے اور طالبات پر کوئی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔ اس موقع پر ڈائرکٹر انٹرایجوکیشن ابھیلاشا بھینو نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس یادداشت مفاہمت سے معاشی طور پر کمزور اور پسماندہ طبقات کی غریب لڑکیوں کا پائلٹ بن کر آسمان چھونے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کی وسیع تر تشہیر کیلئے ریاست کے تمام سرکاری انٹر کالجس میں شعور بیداری پروگرامس اور آن لائن ویبنارز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ تمام مستحق طالبات تک یہ پیغام پہنچ سکے۔ انہوں نے اہل اور خواہشمند طالبات کو ہدایت دی کہ وہ پروسیس شروع ہوتے ہی سرکاری پورٹل کے ذریعہ اپنی درخواستیں جمع کروائیں۔ اس معاہدے کی تقریب میں انٹر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے جوائنٹ ڈائرکٹر ینکیا نائیک اور ووکیشنل ڈپارٹمنٹ کی پرنسپل جوتسنارانی کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ 2؍F m/b/