حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ اڈانی کے خلاف امریکہ میں چارج شیٹ کا جائزہ لینے کے بعد ان کی حکومت ضروری کارروائی کرے گی۔ اسمبلی میں بعض ارکان کی جانب سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے خلاف کارروائی کے مطالبہ پر چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ گوتم اڈانی کے خلاف امریکہ میں درج کردہ چارج شیٹ کی تفصیلات حکومت کو موصول ہوچکی ہیں۔ سابق وائی ایس آر کانگریس حکومت اور اڈانی گروپ کے درمیان رقومات کے تبادلے کی تفصیلات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چارج شیٹ کا جائزہ لینے کے بعد ہی حکومت کوئی کارروائی کرے گی۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ امریکہ میں دائر کردہ چارج شیٹ کا حکومت جائزہ لے رہی ہے اور اس بارے میں اسمبلی کو اطلاع دی جائے گی۔ امریکی سیکوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے الزام عائد کیا کہ گوتم اڈانی نے اگست 2021 میں برقی خریدی معاہدات کے لئے اس وقت کے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کو 1750 کروڑ بطور رشوت ادا کئے تھے۔ اڈانی اور جگن موہن ریڈی نے الزامات کی تردید کی۔ بی جے پی فلور لیڈر وشنو کمار راجو نے اسمبلی میں یہ معاملہ اٹھایا اور چیف منسٹر سے جواب دینے کی حواہش کی۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہاکہ رشوت ستانی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں اڈانی گروپ کے ساتھ کئے گئے معاہدات کا جائزہ لیا جائے گا۔ 1