اگر امریکہ دشمنی ترک کر دے تو اس کے ساتھبراہ راست بات چیت ممکن : ایرانی صدر

   

تہران : ایران کے صدر مسعود پیزشکیان نے کہا ہیکہ اگر امریکہ ’عملی طور پر‘ یہ ظاہر کرتا ہیکہ وہ ایران کا دشمن نہیں ہے تو ایران امریکہ کے ساتھ براہ راست مذاکرات ہو سکتے ہیں۔مسعود پیزشکیان پیر کو تہران میں ایک نیوز کانفرنس میں اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ آیا تہران 2015 کے جوہری معاہدہ کو بحال کرنے کیلئے امریکہ کے ساتھ براہ راست بات چیت کیلئے تیار ہے۔سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 2018 میں یہ دلیل دیتے ہوئے اس معاہدے سے دستبرداری کی تھی کہ یہ تہران کیلئے بہت فراخدل معاہدہ تھا، اور پھر ایران پر سخت امریکی پابندیوں کو بحال کر دیا جس سے تہران نے بتدریج معاہدے کی جوہری حدود کی خلاف ورزی کی۔ایرانی صدر نے کہا کہ ’ہم امریکہ سے دشمنی نہیں رکھتے، انہیں عملی طور پر اپنی خیر سگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمارے خلاف اپنی دشمنی ختم کرنی چاہیے، ہم امریکیوں کے ساتھ بھائی بھی ہیں۔