ایران کو کمزور کرنے دشمن احتجاج کا استعمال کررہے ہیں: خامنہ ای

   

تہران:ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ملک دشمنوں پر الزام لگایا ہے کہ وہ ایران کو کمزور کرنے کے لیے مظاہروں کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں میں ایران کے کئی شہروں میں بڑھتی ہوئی قیمتوں اور بدعنوانی کے خلاف مظاہرے کیے گئے ہیں۔خامنہ ای نے ایک ٹیلی ویڑن خطاب کے دوران کہا کہ آج دشمن اسلامی نظام پر حملہ کرنے کے لیے عوامی مظاہروں کا سہارا لے رہا ہے۔23 مئی کو جنوب مغربی شہر آبادان میں زیر تعمیر عمارت کے گرنے کے بعد مظاہرے شروع ہو گئے تھے جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ اس سانحے میں کم از کم 37 افراد کی ہلاکت کے بعد ’نااہل ذمے داران‘ کو سزائے موت دی جائے۔خامنہ ای نے کہا کہ دشمن عوام کو نفسیاتی ذرائع سے، انٹرنیٹ، پیسے اور کرائے کے سپاہیوں کی نقل و حرکت کے ذریعے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف کرنے کی امید رکھتا ہے۔خامنہ ای نے 1989 میں انتقال کر جانے والے امام خمینی کی وفات کی تقریب کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ کو سازش کا ذمہہ دار قرار دیا۔