ایلون مسک کچھ گھنٹوں کیلئے امیر ترین نہیں رہے تھے

   

نیویارک : ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی اور ٹوئیٹر کے سربراہ ایلون مسک سے دنیا کے امیرترین شخص ہونے کا اعزاز چھن کر ایک بار پھر مل گیا ۔ بین الاقوامی ادارے فوربس نے دنیا کی امیر ترین شخصیات کی نئی فہرست جاری کی جس کے مطابق رواں برس ٹیسلا کے حصص کی قیمت میں کمی اور ٹوئٹر کی 44 بلین ڈالرز کی ڈیل کی وجہ سے ایلون مسک کی دولت میں زبردست کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔ گذشتہ روز ایلون مسک چند گھنٹوں کیلئے دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز کھو بیٹھے تھے ۔ ان سے یہ اعزاز لگژری برانڈ لوئس ووٹن کی پیرنٹ کمپنی LVMH کے چیگ ایگزیکٹیو برنارڈ آرناولٹ اور ان کے خاندان نے چھین لیا تھا ۔ تاہم برنارڈ آرناولٹ اور ان کا خاندان ایک بار پھر 185-3 بلین ڈالرز کی دولت کے ساتھ فوربس کی فہرست میں دوسرے نمبر پر واپس آگئے ہیں ۔مسک نے ستمبر 2021 ایمیزون کو پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا ۔