ایمبولینس گڑھے سے ٹکرا گئی، مردہ زندہ ہوگیا

   

پٹیالہ : عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ سفر کے دوران سڑک پر موجود گڑھے ہمیشہ ہی انسانوں کو پریشان کرتے ہیں لیکن بھارت میں اس کے برعکس واقعہ پیش آیا جس کے بارے میں سن کر لوگ حیران رہ گئے۔ میڈیا کے مطابق 80 سالہ شخص کو ڈاکٹروں کی جانب سے مردہ قرار دیئے جانے کے بعد اس کی نعش آخری رسومات کے لیے گھر لے جائی جارہی تھی جہاں تعزیت کے لیے آنے والوں کے لیے کھانے کا بندوبست کرلیا گیا تھا اور آخری رسومات کے تحت مردے کو جلانے کے لیے لکڑیاں بھی منگوالی گئی تھیں لیکن اسی دوران راستے میں مردہ شخص کو لانے والی گاڑی گڑھے میں گر گئی۔ میڈیا کے مطابق 80 سالہ درشن سنگھ کی نعش کے ساتھ ایمبولینس میں ان کا پوتا موجود تھا جس نے بعد ازاں دیکھا کہ مردہ قرار دیئے گئے ان کے دادا کا ہاتھ ہلنا شروع ہوگیا ہے جس کے بعد اس نے ان کی دل کی دھڑکن چیک کی تو وہ چل رہی تھی جس کے بعد اس نے ڈرائیور کو ایمبولینس میں قریبی اسپتال لے جانے کے لیے کہا جہاں ڈاکٹر نے چیک کرنے کے بعد درشن سنگھ کو زندہ قرار دے دیا۔