اینگلز ایئر بیس پر ڈرون حملے ،3 فوجی ہلاک

   


ماسکو : روس کی وزارت دفاع نے پیر کے روز تصدیق کی ہے کہ روسی علاقے سراتوف میں اینگلز ایئر بیس پر ڈرون حملے میں روس کے 3 فوجی مارے گئے۔ وزارت دفاع نے کہا کہ اینگلز ایئر بیس کے فضائی دفاع نے حملہ کرنے سے پہلے ڈرون کو مار گرایا اور ایئر بیس پر موجود فضائی دفاعی ساز و سامان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔یوکرینی اور روسی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ آج صبح سویرے روسی فضائیہ کے اڈے اینگلز پر دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جو یوکرین میں اگلے مورچوں سے سینکڑوں میل کے فاصلے پر واقع ہے۔روس کے سراتوف علاقے کے گورنر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے فوجی تنصیب میں ہونے والے واقعہ کی معلومات کی جانچ کر رہے ہیں۔ علاقے کے گورنر رومن بسارگین نے “انسٹاگرام” پر مزید کہا کہ شہر کے رہائشی علاقوں (اینگلز) میں ہنگامی حالت کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ شہری بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔یوکرین کی خبر رساں ایجنسی ’’آر بی سی ‘‘نے بتایا کہ دو دھماکے ہوئے ہیں۔ روسی نیوز ویب سائٹ ’’بازا ‘‘نے مقامی باشندوں کے حوالے سے بتایا کہ سائرن بجنے لگے اور دھماکے کی آواز سنی گئی۔