ایوان اسمبلی میں مجلس اور بی جے پی کے قائد مقننہ بازو بازو بیٹھیں گے

   

مجلس سے اکبر الدین اویسی اور بی جے پی سے راجہ سنگھ قائد مقننہ ہوں گے

حیدرآباد۔8۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) ایوان اسمبلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی قائد ایوان مقننہ اور قائد مجلس ایوان مقننہ اکبر الدین اویسی دونوں بازو بیٹھیں گے۔ ریاست تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو 8نشستوں اور مجلس کو 7 نشستوں پر کامیابی اور بھارت راشٹرسمیتی کو 39 نشستوں پر کامیابی حاصل ہونے کے بعد قائد اپوزیشن کا عہدہ بی آر ایس کے پاس رہے گا اور بی جے پی اور مجلس جن کے ارکان اسمبلی کی تعداد 5 سے زیادہ ہوچکی ہے توایسی صورت میں دونوں ہی سیاسی جماعتوں کو فلور لیڈر کا عہدہ حاصل ہوگا۔ مجلس اتحادالمسلمین کے قائد مقننہ پارٹی اکبر الدین اویسی ہیں اور انہیں مقننہ پارٹی قائد منتخب کیا جائے گا اسی طرح بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے بھی راجہ سنگھ کو ہی مقننہ پارٹی قائد بنائے جانے کا امکان ہے کیونکہ بی جے پی کے 8ارکان اسمبلی میں سینیئر رکن اسمبلی راجہ سنگھ ہی ہے۔بی جے پی ذرائع کے مطابق پارٹی میں قائد ایوان مقننہ کے لئے نرمل سے نومنتخبہ رکن اسمبلی مہیشور ریڈی بھی اس عہدہ کی دوڑ میں شامل ہیں جبکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو حلقہ اسمبلی کاماریڈی سے شکست دینے والے رکن اسمبلی کے وینکٹ رمنا ریڈی بھی اس عہدہ کے لئے اپنی دعویداری پیش کر رہے ہیں۔ اسمبلی کے ذرائع کے مطابق رکن اسمبلی چندرائن گٹہ جناب اکبر الدین اویسی اور بی جے پی فلور لیڈردونوں کی نشستیں ایک دوسرے سے متصل ہوں گی خواہ کوئی بھی بی جے پی کا فلورلیڈر بنے اسے اکبر الدین اویسی کے بازو ہی بیٹھنا ہوگا۔