بارش کی کمی کے بارے میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کا ردعمل : کے ٹی آر

   

حکومت کی نا اہلی کا ثبوت محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے 14 فیصد زیادہ بارش ہوئی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے تلنگانہ میں بارش کے ریکارڈ پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کے تبصروں پر برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر بارش کے بارے میں جھوٹ بولتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں سال 2023-24 کے دوران 14 فیصد زیادہ بارش ہوئی ہے ۔ کے ٹی آر نے سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر ٹیوٹ کرتے ہوئے کہا کہ پانی کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت کے بغیر بارش کم ہونے کا تبصرہ کرنا ستم ظریفی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور کبھی نہ پورے ہونے والے وعدے کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے والی کانگریس اب سچائی سے کوسوں دور بھاگ رہی ہے ۔ جس سے تلنگانہ میں سماج کے تمام طبقات حکومت سے ناراض ہونے کے ساتھ بیزار بھی ہوگئے ہیں ۔ کسانوں کے مسائل کو حل کرنے ریاست کو خشک سالی سے بچانے کے اقدامات کرنے کے بجائے چیف منسٹر کے تبصرے حکومت کی نا اہلی کو پیش کررہے ہیں ۔ جس سے زرعی شعبہ پر جہاں خطرے کے بادل منڈلا رہے ہیں وہیں کسانوں میں مایوسی پائی جارہی ہے ۔ تلنگانہ کے کسان تین ماہ کے اندر کانگریس حکومت کی بے بسی کو پوری طرح سمجھ رہے ہیں ۔ معلومات کا فقدان رکھنے والا قائد جب ریاست کا چیف منسٹر بن جاتا ہے تو عوام کو نقصانات سے دوچار ہونا پڑتا ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں قدرتی وسائل کے انبار ہے پانی کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ حکمرانوں کو مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنی نہیں آرہی ہے ۔ جس کا خمیازہ کسانوں اور عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔۔ 2