میامی ۔ عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار بارٹی کو میامی اوپن میں اپنے خطاب کے دفاع کا موقع ملا کیونکہ ان کی حریف بیانکا اینڈریسکو مقابلہ میں پیچھے رہنے کے بعد زخمی ہوکر دستبردار ہوئی۔ نم آنکھوں کے ساتھ مقابلہ سے دستبردار ہونے سے قبل اینڈریسکو کو مقابلہ میں 6-3، 4-0 کا خسارہ پہلے ہی ہوچکا تھا۔ عالمی نمبر ایک بارٹی نے میامی متواتر اپنا دوسرا خطاب حاصل کیا ہے۔ نیز اگر اینڈریسکو مقابلہ سے دستبردار بھی نہیں ہوتیں تو بھی بارٹی کے کامیابی کے امکانات روشن ہوچکے تھے۔ مقابلہ کے دوران چینج اوور میں اینڈریسکو کے ٹرینر نے ان کے پیر پر ٹیم باندھا جس کے بعد انہوں نے کچھ دیر مقابلہ تو کیا لیکن بالآخر دستبرداری کا اعلان کیا۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے بارٹی نے کہا کہ وہ اینڈریسکو کے لئے کافی برا محسوس کررہی ہیں کیونکہ اس مقابلہ کے علاوہ ماضی میں بھی انہیں زخموں کی وجہ سے میدان سے دور رہنا پڑا۔ مقابلہ کے بعد نیوز کانفرنس کے دوران بھی اینڈریسکو کی آنکھیں نم تھیں۔ اس دوران انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ زخم کے مزید سنگین ہونے سے قبل ہی سبکدوشی کا فیصلہ بہتر تھا اور ٹرینر نے انہیں دستبرداری کے لئے آمادہ کیا۔ اینڈریسکو نے مزید کہا کہ وہ مقابلہ کو روکنا نہیں چاہتی تھیں لیکن دستبرداری کا فیصلہ بالآخر ایک بہتر فیصلہ تھا۔ 20 سالہ اینڈریسکو کے لئے یہ امریکہ میں 2019 یو ایس اوپن کے بعد پہلا ٹورنمنٹ تھا اور وہ 2019 میں گرانڈ سلام حاصل کرچکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ آئندہ چند دنوں میں اپنے زخم کا جائزہ لے گی پھر اس کے بعد مستقبل کے ایونٹس کے متعلق فیصلہ کریں گی۔ بارٹی نے 2019 کی کامیابی کے بعد یہاں اپنے خطاب کا کامیاب دفاع کیا ہے جبکہ گزشتہ برس کورونا بحران کی وجہ سے یہ ٹورنمنٹ منسوخ کردیا گیا تھا۔