تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کے اقدامات‘ نلگنڈہ میں یوم اساتذہ تقریب سے ریاستی وزیر کے وینکٹ ریڈی و دیگر قائدین کا خطاب
نلگنڈہ۔ 5؍ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ اساتذہ خلوص نیت کے ساتھ سے کام کریں تو وہ موتیوں کی طرح شہریوں کو بنا سکتے ہیں” ریاستی وزیر برائے عمارت و شوار ع اور سنیماٹوگرافی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے یوم اساتذہ کی تقریب کو بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ تدریس ایک مقدس مقام ہے اس سے وابستہ افراد کی تعظیم کرنا چاہئے سماج میں اساتذہ کا بلند مقام ہے اساتذہ طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے انکے مستقبل کو درخشاں بناتے ہیں ریاستی وزیر نے کہا کہ جن لوگوں نے سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کی وہ اب معاشرے میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔ حالیہ دنوں میں سرکاری تعلیمی نظام میں بہت سی تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں، بعض اسکولوں میں اساتذہ کی تعداد طلبہ سے زیادہ ہے، اور ایسے حالات کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اساتذہ کو چاہیے کہ وہ طلبہ کو اس طرح تعلیم دیں جس طرح وہ اپنے بچوں کو تعلیم دیتے ہیں، اساتذہ اگر خلوص سے کام کریں تو وہ معاشرے کو سنہرا اور باوقار شہری بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے ضلع کے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ آئندہ دسویں جماعت کے امتحانات میں نلگنڈہ ضلع کو ریاست میں اول مقام دلانے کے لیے سخت محنت کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام کی ترقی کے لئے ان کی کوششوں کے ایک حصہ کے طور پر، کومٹ ریڈی پراتیک ریڈی جونیئر کالج کے ساتھ، حال ہی میں بٹو گوڈہ اسکول پرتیک ریڈی فاؤنڈیشن کے فنڈز سے ایک نئی عمارت کی تعمیر کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔شاعر، ادیب اور راجیہ سبھا کے رکن وشواجیندر پرساد، جو اس تقریب کے ایک اور مہمان خصوصی تھے، نے کہا کہ دہلی کے سرکاری اسکولوں میں سیٹیں دستیاب نہیں ہیں۔ چنانچہ یہاں بھی تمام سرکاری اسکولوں میں ایسی صورتحال پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانا اساتذہ کی ذمہ داری ہے۔ نلگنڈہ کے رکن پارلیمنٹ کے۔رگھویر نے کہا کہ عوامی تعلیمی نظام کو کارپوریٹ تعلیمی نظام کی شکل دی جانی چاہیے اور اس کے لیے ہر ایک کو سماجی ذمہ داری کے طور پر کام کرتے ہوئے تعلیمی نظام میں بنیادی تبدیلیاں لانے کی حکومت کی کوششوں میں اپنا حصہ ادا کرناچاہیے نجی شعبے کی طرح ڈیجیٹل تعلیمی نظام کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ بھونگیر رکن اسمبلی چملا کرن کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تعلیم کو بااختیار بنانے کے لیے سخت اقدامات کررہی ہے۔ ڈسٹرکٹ کلکٹر سی نارائن ریڈی نے کہا کہ تعلیم طلبہ کو بہترین شہری بنانے کا ذریعہ ہے، میرٹ کی بنیاد پر ترجیح دی جانی چاہیے۔ نظام تعلیم میں طریقہ کار اور نوجوانوں کو تعلیم کے ذریعے برے راستے کی طرف موڑنے سے بچانے کی ضرورت ہے۔ ضلع مہتمم تعلیم بکشا پتی نے خیرمقدمی تقریر کی۔ بعد ازاں وزراء، اراکین پارلیمنٹ اور مہمان خصوصی نے بہترین اساتذہ کے طور پر منتخب ہونے والے اساتذہ کو شالپوشی کی، یادگاری مومنٹو دیئے۔پروگرام کے آغاز پر ریاستی وزیر و تمام مہمانوں نے استاد اور ہندوستان کے صدر ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنا کی تصویر پر پھول چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔