ایر پورٹ پر شایان استقبال کیلئے حکومت کی تیاریاں
حیدرآباد۔/25مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے استنبول میں خواتین کی ورلڈ چمپین شپ میں ہندوستان کیلئے گولڈ میڈل حاصل کرنے والی باکسر نکہت زرین کے حیدرآباد پہنچنے پر شاندار استقبال کی ہدایت دی ہے۔ نکہت زرین 27 مئی کو 6 بجے شام شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پہنچیں گی جہاں حکومت کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے وزیر اسپورٹس سرینواس گوڑ اور اعلیٰ عہدیداروں کو اس سلسلہ میں ہدایت دی ہے۔ نظام آباد ضلع سے تعلق رکھنے والی نکہت زرین نے ویمنس ورلڈ باکسنگ چمپین شپ میں 52 کیلو گرام زمرہ کے فائنل میں تھائی لینڈ کی باکسر کو شکست دی تھی۔ وزیر اسپورٹس نے سکریٹری اسپورٹس سندیپ کمار سلطانیہ کو انتظامات کی ذمہ داری دی ہے۔ اسی دوران سکندرآباد سے تعلق رکھنے والی ایشا سنگھ نے جرمنی میں منعقدہ عالمی شوٹنگ چمپین شپ میں گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ وہ بھی اسی دن حیدرآباد واپس ہورہی ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے شایان شان استقبال کیلئے وزیر اسپورٹس نے ہدایات جاری کی ہیں۔ ر