طلبہ مسائل پر مذاکرات کریں، حکومت تمام مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ : سبیتا اندرا ریڈی
حیدرآباد ۔ 18 جون (سیاست نیوز) باسرا کے ٹریپل آئی ٹی میں طلبہ کا پانچ دن سے مسلسل احتجاج جاری ہے۔ حکومت کے تیقنات کے باوجود طلبہ احتجاج سے دستبردار ہونے کیلئے تیار نہیں ہے۔ ایک طرف ریاستی وزیر جنگلات اندراکرن ریڈی طلبہ سے بات چیت کررہے ہیں دوسری طرف عہدیدار اپنی مساعی کررہے ہیں۔ ریاستی وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے بحیثیت ماں طلبہ سے اپیل کی ہیکہ وہ احتجاج سے دستبردار ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کی یکسوئی کیلئے ڈائرکٹر کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کے وائس چیرمین کو بھی کیمپس روانہ کیا گیا ان سے بھی طلبہ بات چیت کریں۔ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کمیٹی اور یونیورسٹی کمیٹی آپس میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کرلیں۔ کوویڈ کی وجہ سے چھوٹے چھوٹے مسائل کو حل کرنے میں تاخیر ہوئی ہے۔ سرکاری اسکولس میں زیرتعلیم طلبہ کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے 1000 سے داخلوں کو 1500 تک بڑھایا ہے۔ قومی اور بین الاقوامی سطح پر باسرا ٹریپل آئی ٹی کی کافی شہرت ہے۔ اس باوقار یونیورسٹی کے امیج کو متاثر کرنے کی کوشش نہ کریں۔ سیاست کیلئے یونیورسٹی کو ہرگز پلیٹ فارم بننے نہیں دیا جانا چاہئے۔ گذشتہ چند دن سے طلبہ دھوپ اور بارش کی پرواہ کئے بغیر احتجاج کرنے کی تصاویر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ وہ ایک بحیثیت ماں اس پر تکلیف کا اظہار کررہی ہیں۔ یہ آپ کی حکومت ہے۔ برائے مہربانی احتجاج سے دستبردار ہوجائیے۔ مذاکرات کریں حکومت مسائل حل کرنے کیلئے تیار ہے۔ن