اپنے اختیارات سے میں بخوبی واقف ہوں ، راج بھون میں دیوالی تقریب ، گورنر کا اظہار خیال
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : راج بھون اور پرگتی بھون میں مزید دوریاں بڑھ گئی ہیں ۔ گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن نے کہا کہ وہ اپنے اختیارات سے بخوبی واقف ہیں ۔ اس کا ضرور استعمال کریں گی وہ کسی کے خلاف نہیں ہے ۔ زیر التواء بلز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ہی قطعی فیصلہ کریں گی ۔ گورنر کوٹہ کے کونسل رکنیت کے مسئلہ پر چیف منسٹر کے سی آر اور گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن کے درمیان اختلافات اور دوریاں پیدا ہوئی ہیں ۔ گورنر نے بھی حکومت اور چیف منسٹر پر بالواسطہ تنقید کی ہے ۔ وزراء اور ٹی آر ایس کے قائدین نے بھی گورنر کو جوابی تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ اسمبلی میں منظور ہونے والے بلز کو گورنر کی جانب سے ہفتہ 10 دن میں منظوری کی مہر لگادی جاتی ہے ۔ نوٹیفیکیشن کی اجرائی کے بعد ہی وہ نافذ العمل ہوجاتی ہے۔ تاہم ریاستی اسمبلی میں 40 دن قبل 6 بلز اور دو ترمیمی بلز کو منظوری دی گئی اور روایت کے مطابق دوسرے ہی دن ان بلز کو راج بھون سے رجوع کردیا گیا ہے ۔ مگر گورنر نے ابھی تک اس کو منظوری نہیں دی ہے جس سے راج بھون اور پرگتی بھون کی جو دوریاں تھیں اس میں مزید اصافہ ہوگیا ہے ۔ چار دن قبل چینائی میں منعقدہ ایک تقریب میں بھی گورنر نے بالواسطہ تلنگانہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔ آج راج بھون میں دیوالی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ گورنر نے عوام سے ملاقات کی ۔ گورنر نے میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اختیارات سے بخوبی واقف ہیں ۔ بلز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ہی قطعی فیصلہ کریں گی ۔ وہ کسی کے خلاف نہیں ہے بلکہ اپنی دستوری ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں ۔ تلنگانہ کے عوام انہیں پسند کرتے ہیں اور وہ عوام کیلئے بحیثیت گورنر کچھ کرنا چاہتی ہیں ۔۔ ن