کولکتہ : مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ ضلع میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی ایک ٹیم پر حملہ کردیا گیا ۔ کہا گیا کہ یہ ٹیم مبینہ راشن اسکینڈل کی تحقیقات کے سلسلہ میں تلاشی لے رہی تھی ۔ یہ تلاشی برسراقتدار ترنمول کانگریس کے لیڈر شیخ شاہ جہاں کے ٹھکانے پر کی جارہی تھی کہ کچھ افراد نے اس ٹیم پر حملہ کردیا ۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ اس حملہ میں تین عہدیدار زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ اس حملہ کے بعد الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ بی جے پی نے اس حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممتابنرجی کے جنگل راج کی علامت ہے ۔ پارٹی نے ریاست میں صدر راج نافذ کرنے کی مانگ کی ہے ۔ دوسری جانب ترنمول کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ دراصل بی جے پی کی سازش ہے ۔ اس نے کہا کہ مرکزی ایجنسی کے ساتھ ملکر کچھ گوشوں نے اشتعال انگیزی کی ہے جس کی وجہ سے مقامی افراد برہم ہوگئے تھے ۔ کانگریس نے بھی اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔ اور کہا کہ جمہوریت میں ایسے واقعات کی گنجاشء نہیں ہے ۔کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے بھی ریاست میں صدر راج نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔