بھارت بند تلنگانہ میں بس خدمات متاثر

   

حیدرآباد:کسانوں کی تنظیموں کے بھارت بندکے موقع پر تلنگانہ میں آرٹی سی کی بسیں بشمول سٹی بس خدمات متاثر رہی کیونکہ یہ بسیں ڈپوز تک ہی محدود رہیں۔ آرٹی سی بس ڈپوز جہاں ہمیشہ سرگرمیاں ہوتی تھیں اور مسافرین کا ہجوم نظر آتا تھا، سنسان دیکھے گئے ۔صبح ہی سے شہر حیدرآباد کے مختلف ڈپوز میں تقریبا تین ہزار بسیں ڈپوز تک ہی محدود رہیں۔اسی طرح شہر حیدرآباد کے سب سے بڑے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن( ایم جی بی ایس) میں جہاں سے اضلاع کے لئے بسیں چلائی جاتی ہیں بھی سنسنان نظرآیاکیونکہ اس بھارت بند کے سبب بس خدمات معطل رہیں۔ٹی ایس آرٹی سی کے عہدیداروں نے کہا کہ اس بند کی وجہ سے بسیں نہیں چلائی جارہی ہیں۔ اسی دوران ٹرینیں شیڈول کے مطابق چلائی گئیں۔اضلاع اور دوسری ریاستوں سے حیدرآباد آنے والے افراد کو بس خدمات بند ہونے سے مشکلات پیش آئیں۔