حیدرآباد۔/9 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے سوال کیا کہ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت میں سرکاری ملازمتوں پر کتنے تقررات کئے گئے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہاکہ بی آر ایس نے تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے طلباء اور نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ دیا ہے۔ کانگریس نے وعدہ کے مطابق سرکاری ملازمتوں پر تقررات کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلباء اور نوجوان کانگریس حکومت سے مطمئن ہیں۔ سابق حکومت نے صرف 150 نوجوانوں کیلئے اوورسیز اسکالر شپ منظور کی تھی جبکہ کانگریس حکومت نے 500 نوجوانوں کو بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کیلئے اسکالر شپ منظور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق وزیر جگدیش ریڈی کی جانب سے حکومت پر تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ موسیٰ ندی کے آبگیر علاقہ میں رہنے والے خاندانوں کی بازآبادکاری کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ڈبل بیڈ روم مکانات کی فراہمی کے بعد ہی مکانات کا تخلیہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے بچوں کی تعلیم کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔1