بی آر ایس کو ایک اور دھکہ، رکن اسمبلی وینکٹ راؤ کانگریس میں شامل

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات، عنقریب مزید ارکان اسمبلی کی شمولیت کا امکان
حیدرآباد۔/7 اپریل، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کو لوک سبھا چناؤ سے عین قبل عوامی نمائندوں کے انحراف کا سلسلہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ بھدراچلم اسمبلی حلقہ کے بی آر ایس رکن ڈاکٹر ٹی وینکٹ راؤ نے آج کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ڈاکٹر وینکٹ راؤ نے کل تکوگوڑہ میں کانگریس کے کانگریس کے جلسہ عام میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور باقاعدہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی نے رکن اسمبلی کو پارٹی کا کھنڈوا پہنایا۔ اس موقع پر بھدراچلم سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس کے کئی قائدین نے بھی کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ وینکٹ راؤ کی کانگریس میں شمولیت سے کھمم ضلع میں کانگریس پارٹی کا موقف مستحکم ہوگا۔ ضلع میں بی آر ایس کی یہ واحد نشست تھی جہاں وینکٹ راؤ کامیاب ہوئے تھے۔ ان کی کانگریس میں شمولیت سے کھمم ضلع سے پارٹی کا عملاً صفایا ہوچکا ہے۔ وینکٹ راؤ نے ہفتہ کے دن محبوب آباد لوک سبھا حلقہ کے جائزہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔ وینکٹ راؤ کا شمار ریاستی وزیر مال پی سرینواس ریڈی کے بااعتماد رفقاء میں ہوتا ہے۔ گذشتہ چناؤ میں کانگریس کی جانب سے ٹکٹ نہ دیئے جانے پر انہوں نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ کانگریس نے رکن اسمبلی پی ویریا کو دوبارہ ٹکٹ دیا تھا لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ امید کی جارہی ہے کہ وینکٹ راؤ کی شمولیت سے کھمم اور محبوب آباد لوک سبھا حلقوں میں کانگریس کا موقف مستحکم ہوگا۔ واضح رہے کہ تاحال بی آر ایس کے دو ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہوچکے ہیں جن میں ڈی ناگیندر اور کڈیم سری ہری شامل ہیں۔ کانگریس نے ناگیندر کو سکندرآباد سے امیدوار بنایا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بی آر ایس کے مزید ارکان اسمبلی لوک سبھا چناؤ سے قبل کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔1