بی جے پی میں خاندانی سیاست کی کئی مثالیں ، ہریش راؤ کا الزام

   

نریندر مودی نے تلنگانہ عوام کو مایوس کردیا، بنڈی سنجے اشتعال انگیزی میں مصروف
حیدرآباد۔27۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے تلنگانہ میں خاندانی حکمرانی کے الزام کو مسترد کردیا اور کہا کہ وزیراعظم کو اپنی حلیف جماعتوں اور پارٹی قائدین کا جائزہ لینا چاہئے جہاں خاندانی سیاست عروج پر ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام نے توقع کی تھی کہ وزیراعظم اپنے دورہ کے موقع پر نئے پراجکٹس کا اعلان کریں گے لیکن وزیراعظم نے عوام کو مایوس کردیا۔ وزیراعظم نے اپنی تقریر کو صرف ٹی آر ایس پر تنقید تک محدود کرتے ہوئے اپنے امیج کو گھٹادیا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی اور نریندر مودی کو خاندانی سیاست کے بارے میں اظہار خیال کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی میں کئی قائدین خاندانی سیاست کا حصہ ہیں۔ وزیر داخلہ امیت شاہ کے فرزند جئے شاہ بی سی سی آئی کے سکریٹری ہیں جبکہ انہوں نے کبھی کرکٹ نہیں کھیلا ۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے فرزند پنکج سنگھ اترپردیش اسمبلی کے رکن ہیں۔ راجستھان کی سابق چیف منسٹر وسندھرا راجے کے فرزند لوک سبھا کے رکن ہیں۔ مرکزی وزیر پیوش گوئل کے والد بی جے پی قائد رہ چکے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی نے کئی ایسی سیاسی جماعتوں سے مفاہمت کی ہے جن کی تاریخ خاندانی سیاست پر مبنی ہے۔ اترپردیش میں اپنا دل ، ہریانہ میں انڈین نیشنل لوک دل اور کشمیر میں پی ڈی پی سے مفاہمت کے وقت خاندانی سیاست کا خیال کیوں نہیں آیا۔ شیوسینا ، ڈی ایم کے اور دیگر علاقائی جماعتوں سے بھی بی جے پی نے مفاہمت کی حالانکہ وہ خاندانی سیاست پر عمل پیرا ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس سارے تلنگانہ کو ایک خاندان تصور کرتی ہے۔ ہر رکن اسمبلی اور رکن پارلیمنٹ عوام کے منتخب نمائندے ہیں۔ بی جے پی قیادت تلنگانہ میں اقتدار کیلئے بے چین ہیں اور اس کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ تلنگانہ کے عوام کسی بھی صورت میں بی جے پی کی تائید نہیں کریں گے۔ ہریش راؤ نے مرکز کی جانب سے تلنگانہ کو پراجکٹس کی منظوری میں ناانصافی کا حوالہ دیا اور کہا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی اینڈ انویسٹمنٹ زون کی تلنگانہ کیلئے منظوری نہیں دی گئی ۔ تنظیم جدید قانون میں تلنگانہ سے جو وعدے کئے گئے تھے، ان کی آج تک تکمیل نہیں کی گئی۔ ہریش راؤ نے بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے پر تلنگانہ میں فرقہ وارانہ تشدد بھڑکانے کی سازش کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بنڈی سنجے اپنی اشتعال انگیز تقاریر کے ذریعہ صورتحال بگاڑنا چاہتے ہیں۔ر