بی جے پی ورکرس گوبر جمع کریں گے،وزیر کا بیان

   

شاہ جہاں پور (یو پی) : اترپردیش کے وزیر ڈیری ڈیولپمنٹ دھرم پال سنگھ نے آوارہ مویشیوں کے مسئلہ کا ایک حل ڈھونڈ نکالا ہے۔ انہوں نے بی جے پی ورکرس کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ صرف بی جے پی ورکرس گائے کا گوبر جمع کریں گے اور گائے کا دودھ پئیں گے۔ کسانوں کو جو مسئلہ درپیش ہے، وہی مسئلہ ان جانوروں کا بھی ہے جنہیں یوں ہی چھوڑ دیا گیا ہے۔ اگر جانور کسانوں کے کھیت میں گھس جاتے ہیں تو پھر کیا جائے؟ دوسری طرف اگر کسان اپنے کھیتوں کی نگرانی نہیں کرتے ہیں تو پھر انہیں کیا کرنا چاہئے؟ یہ دونوں کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یقینی بنائیں گے کہ اراضی مافیہ ٹولیوں سے آزاد کرالی جائے اور وہاں چارہ بویا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ گائیوں کے سائبان بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ دھرم پال نے کہا کہ گائو شالائیں بی جے پی ورکرس کی نگرانی میں ہوں گے۔ وہاں وہ گائے کا گوبر جمع کریں گے اور گائے کا دودھ پئیں گے۔ ہم اس معاملہ کو موقع سمجھتے ہیں، نہ کے چیلنج۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ سے بات کریں گے۔