تبت کے ارکان پارلیمنٹ کی کانگریس قائد دیپا داس منشی سے ملاقات

   

چین کے مظالم سے نجات دلانے کی اپیل، تبتی عوام کو کانگریس کی تائید کا تیقن
حیدرآباد۔/24جنوری، ( سیاست نیوز) تبت سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے آج گاندھی بھون پہنچ کر اے آئی سی سی قائد دیپا داس منشی اور دوسروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے چین کی جانب سے تبت کے عوام پر مظالم کو روکنے کیلئے ہندوستانی حکومت سے سفارتی سطح پر اقدامات کی اپیل کی۔ تبت کے ارکان پارلیمنٹ نے ایک یادداشت حوالے کرتے ہوئے تبتی عوام کی روز مرہ زندگی میں دشواریوں اور چین کے مظالم کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے تبت کی اراضی پر جو ناجائز قبضہ کیا ہے اس سے دستبرداری مسئلہ کا واحد حل ہے۔ اس موقع پر اے آئی سی سی سکریٹریز روہت چودھری، منصور علی خاں، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ، انجن کمار یادو اور دوسرے موجود تھے۔ دیپا داس منشی نے ارکان پارلیمنٹ کو بھروسہ دلایا کہ کانگریس پارٹی تبتی عوام کے حقوق کی جدوجہد کی مکمل تائید کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اپنی سطح پر چین پر اخلاقی دباؤ بنانے کی کوشش کرے گی تاکہ مظالم سے نجات ملے۔ ارکان پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ تبتی عوام کو چین کے ناجائز قبضہ والے علاقہ میں بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے اور عوام آزادی سے محروم ہیں۔ اظہار خیال کا حق نہیں دیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں عوام گھٹن محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان اور دیگر جمہوری ممالک کو تبتی عوام کی مدد کیلئے کھڑا ہونے کی اپیل کی اور کہا کہ چین کے مظالم اور حق تلفیوں کا سلسلہ کئی دہوں سے جاری ہے۔ اسی دوران ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی نے تبت کے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کی۔1