راج بھون میں تقریب، نئے ارکان کے حلف کے بعد اسپیکر کا انتخاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس کل 9 ڈسمبر کو 11 بجے دن شروع ہوگا۔ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے تیسری تلنگانہ اسمبلی کا پہلا اجلاس طلب کیا ہے جس میں نو منتخب ارکان اسمبلی کو اسمبلی کی رکنیت کا حلف دلایا جائے گا ۔ حکومت کی سفارش پر گورنر نے مجلس کے نومنتخب رکن اسمبلی اکبرالدین اویسی کو پروٹیم اسپیکر مقرر کیا ہے جو نو منتخب ارکان کو حلف دلائیں گے۔ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کل صبح 8.30 بجے راج بھون میں اکبرالدین اویسی کو پروٹیم اسپیکر کے عہدہ کا حلف دلائیں گی۔ وہ اسمبلی کی رکنیت کے ساتھ ساتھ پروٹیم اسپیکر کے عہدہ کا حلف لیں گے اور پھر اسمبلی اجلاس کی صدارت کریں گے ۔ نئی اسمبلی کی تشکیل کے بعد پروٹیم اسپیکر نو منتخب ارکان کو حلف دلاتے ہیں اور اسمبلی میں سینئر ترین رکن کو پروٹیم اسپیکر مقرر کیا جاتا ہے۔ اسمبلی میں سب سے زیادہ سینیاریٹی سابق چیف منسٹر کے سی آر کی ہے۔ وہ اسمبلی کیلئے 8 مرتبہ منتخب ہوچکے ہیں۔ مسلسل 6 مرتبہ منتخب ہونے والے ارکان میں سابق اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی ، بی آر ایس کے ارکان ڈی ناگیندر ، ٹی سرینواس یادو ، کانگریس کے اتم کمار ریڈی اور ٹی ناگیشور راؤ شامل ہیں۔ کانگریس کے دونوں ارکان وزارت میں شامل کئے گئے ،لہذا حکومت نے مسلسل 6 مرتبہ کامیابی کا ریکارڈ رکھنے والے مجلس کے اکبر اویسی کو پروٹیم اسپیکر مقرر کرنے کی گورنر سے سفارش کی ۔ بی آر ایس کے ارکان کے بجائے حکومت نے مجلسی رکن کو ترجیح دی ہے۔ تمام ارکان کی حلف برداری کے بعد نئے اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا ۔ کانگریس نے وقار آباد کے رکن اسمبلی جی پرساد راؤ کو اسپیکر کے عہدہ کیلئے منتخب کیا ہے۔ توقع ہے کہ اسمبلی اجلاس چار دن تک جاری رہے گا۔