تلنگانہ اور آندھرا وزراء کے درمیان لفظی جنگ

   

چھوٹی سی بارش سے حیدرآباد کی سڑکیں جھیل میں تبدیل ، ناگیشور راؤ ، تلنگانہ کا دورہ کر کے ترقی دیکھیں : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے وزیر ہریش راؤ اور آندھرا پردیش کے وزیر کے ناگیشور راؤ کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی دونوں نے ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ ہریش راؤ نے حیدرآباد میں رہنے والے آندھرائی باشندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دو ریاستوں میں ووٹ ہیں حیدرآباد کے ووٹ کو برقرار رکھتے ہوئے آندھرا کے ووٹ سے دستبرداری اختیار کرنے کا انہیں مشورہ دیا تھا جس پر آندھرا کے وزیر ناگیشور راؤ نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں کیا ہے کیوں حیدرآباد میں رہنے والے آندھرائی عوام آندھرا کے ووٹوں سے دستبرداری اختیار کی جائے ۔ چھوٹی سی بارش سے حیدرآباد کی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوجاتی ہے ۔ حیدرآباد کا ڈرینج سسٹم ناکارہ ہے ۔ ٹریفک کے مسائل ہیں ۔ بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے ۔ تلنگانہ میں کچھ بھی نہیں ہے جو آندھرا پردیش کو مکمل طور پر چھوڑ کر تلنگانہ میں رہا جائے ۔ جس پر تلنگانہ کے وزیر فینانس ہریش راؤ نے آندھرا کے وزیر کے ناگیشور راؤ کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے دیکھیں کہ یہاں کیا ہے ۔ تلنگانہ میں 56 لاکھ ایکڑ اراضی پر دھان کی فصلیں ہورہی ہیں ۔ زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ کلیان لکشمی ، ریتو بندھو جیسی اسکیمات پر عمل آوری ہے ۔ خصوصی درجہ کے نعرے پر اقتدار حاصل کرنے والی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی حکومت اب اس نعرے کو فراموش کرچکی ہے ۔ خصوصی درجہ کے لیے این ڈی اے سے دستبرداری اختیار کرنے والی تلگو دیشم دوبارہ بی جے پی سے دوستی کررہی ہے ۔ سیاسی فائدے کے لیے آندھرا پردیش کے عوام کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ ویزاگ اسٹیل پلانٹ کو خانگی شعبہ کے حوالے کرنے پر بھی بات کرنے کے موقف میں نہیں ہے ۔ حکمران خاموش ہے اپوزیشن سوال کرنے کے لیے تیار نہیں ہے ۔۔ ن