تلنگانہ رائزنگ 2026 گلوبل سمٹ کی تیاریوں پر چیف سکریٹری کا جائزہ اجلاس

   

فیوچر سٹی میں ڈسمبر میں انعقاد، محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ساتھ کام کرنے سنجے جاجو کی ہدایت، سرمایہ کاری میں اضافہ پر توجہ
حیدرآباد۔5 ۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) چیف سکریٹری سنجے جاجو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ڈسمبر میں منعقد ہونے والے تلنگانہ رائزنگ 2026 گلوبل سمٹ کی تیاریوں میں مشغول ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکمہ جات کو باہمی اشتراک کے ذریعہ گلوبل سمٹ کی کامیابی کو یقینی بنانا چاہئے ۔ سنجے جاجو نے سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر منعقدہ اجلاس میں چیف سکریٹری نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے گلوبل سمٹ کو کامیاب بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل سمٹ کے ذریعہ ریاست میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کو یقینی بنایا جاسکتا ہے اور تلنگانہ رائزنگ 2047 کے نشانوں کی تکمیل ہوگی۔ سنجے جاجو نے کہا کہ گلوبل سمٹ ریاست کی مجموعی گھریلو پیداوار کو بہتر بنانے میں اہم رول ادا کرے گا۔ انہوں نے تمام سرکاری محکمہ جات کو گلوبل سمٹ کی کامیابی کیلئے مشترکہ طور پر مساعی کی ہدایت دی۔ صنعتی ترقی کے علاوہ سرمایہ کاری ، انفراسٹرکچر ، اسکل ڈیولپمنٹ ، ویلفیر اسکیمات اور روزگار کے مواقع سمٹ کے اہم عنوانات رہیں گے۔ بھارت فیوچر سٹی میں زیر تعمیر ینگ انڈیا ، اسکل یونیورسٹی کامپلکس کو گلوبل سمٹ کے مرکز کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری نے محکمہ جات سے کہا کہ وہ مقررہ مدت میں انفراسٹرکچر سہولتوں جیسے سڑکوں کی تعمیر ، برقی سربراہی اور پینے کے پانی کی سربراہی کی تکمیل کریں۔ اجلاس میں گلوبل سمٹ کے ذریعہ ریاست میں سرمایہ کاری کے حصول اور دیگر شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف منسٹر کے مشیر کے رام کرشنا راؤ ، تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کے مینجنگ ڈائرکٹر شیشانگ ، انویسٹ تلنگانہ کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر اجیت ریڈی ، اسپیشل سکریٹری انڈسٹریز کرشنا ادتیہ، ڈائرکٹر نکھل چکرورتی ، جوائنٹ سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی انودیپ درشٹی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔1/k