تلنگانہ سے 30 فیصد کمیشن حکومت کا خاتمہ کیا جائیگا ۔ نڈا

   

کے سی آر حکومت میں غریبی ‘ گھٹالے ‘ رشوت ‘ گھپلے اور غنڈہ راج ‘ چیوڑلہ میں خطاب
حیدرآباد 19 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ سے 30 فیصد کمیشن حکومت کا خاتمہ کیا جائے۔ تلنگانہ عوام کے سی آر حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کام کریں۔ قومی صدر بی جے پی جے پی نڈا نے چیوڑلہ میں انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے یہ بات کہی۔ اُنھوں نے کے سی آر کو 5G قرار دیتے ہوئے کہاکہ اِس 5G میں غریبی، گھٹالہ، گھوس خوری، گھپلے بازی اور غنڈہ راج ہے ۔ اُنھوں نے بتایا کہ اقتدار حاصل کرنے سے قبل بی آر ایس نے ریاست کے عوام کو ڈبل بیڈ روم مکانات کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا جسے پورا نہیں کیا گیا۔ جے پی نڈا نے دعویٰ کیاکہ مرکزی حکومت نے پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت حکومت تلنگانہ کو بجٹ فراہم کیا اِس کے باوجود ڈبل بیڈ روم اسکیم پر عمل آوری نہیں کی گئی۔ مسٹر نڈا نے چیوڑلہ کے علاوہ نارائن پیٹ میں جلسوں سے خطاب میںکہاکہ ریاست میں خواتین کی عزت و کرپشن سے پاک حکومت کی فراہمی کو یقینی بنانا عوام کی ذمہ داری ہے۔ اُنھوں نے بی جے پی کے حق میں ووٹ کی اپیل کی اور کہاکہ تلنگانہ میں جہاں 30 نومبر کو رائے دہی ہوگی، عوام کو چاہئے کہ وہ بی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرنے ووٹ کا استعمال کریں۔ اُنھوں نے بی آر ایس حکومت کے تمام ارکان اسمبلی پر 30 فیصد کمیشن حاصل کرنے کا الزام عائد کیا اور کہاکہ دلت بندھو اسکیم کی رقومات سے تمام ارکان اسمبلی نے 30 فیصد کمیشن حاصل کیا ہے۔