ٹیچرس، پولیس اور محکمہ ہیلت میں تقررات کو ترجیح، مزید 5 ہزار جائیدادیں تقررات کے مرحلہ میں
حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ریونت ریڈی حکومت کے قیام کو 7 ڈسمبر ایک سال مکمل ہو جائے گا۔ ایک سالہ مدت کے دوران مختلف شعبہ جات میں حکومت کی کامیابیوں اور کارناموں کو عوام میں اجاگر کرنے کے لئے باقاعدہ ریاست گیر سطح پر تقاریب کا فیصلہ کیا گیا۔ ریونت ریڈی حکومت نے ایک سال میں 53 ہزار سے زائد سرکاری جائیداوں پر تقررات عمل میں لائے ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کے تحت 16,067 ، تلنگانہ اقامتی اسکول ریکروٹمنٹ بورڈ کے تحت 8304، ڈی ایس سی اسکول ایجوکیشن کے تحت 10,006، گروپ IV کے تحت 8143 اور دیگر اداروں میں 441 جائیدادوں پر تقررات کئے گئے۔ ایک سال میں جملہ 53,310 جائیدادوں پر تقررات کے ذریعہ حکومت نے اہم وعدے کی تکمیل کی ہے۔ انتخابی وعدے کے مطابق حکومت نے ہر سال جاب کیلنڈر کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے پبلک سرویس کمیشن کو یونین پبلک سرویس کمیشن کی طرز پر قائم کرنے کی مساعی کی ہے۔ حکومت نے سابق حکومت کے دور میں منعقدہ امتحانات کے نتائج کی اجرائی کے اقدامات کئے۔ ریونت ریڈی حکومت نے تقررات کے لئے عمر کی حد میں تین سال کی رعایت دی ہے۔ حکومت نے سالانہ جاب کیلنڈر جاری کیا جس میں سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ نشستوں کی نشاندہی اور ان پر تقررات کا شیڈول دیا گیا ہے۔ بی آر ایس دور حکومت میں ڈی ایس سی کے تحت 7857 ٹیچرس کی جائیدادوں پر تقررات کئے گئے تھے جبکہ کانگریس حکومت نے میگا ڈی ایس سی 2024 کے تحت 10 ماہ میں 11,062 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے۔ جولائی میں امتحانات منعقد کئے گئے اور ریکارڈ مدت میں 30 ستمبر کو نتائج جاری کئے گئے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دسہرہ فیسٹیول کے دوران منتخب امیدواروں کو احکامات تقرر حوالے کئے۔ کانگریس حکومت نے گروپ I امتحانات کو منسوخ کردیا کیونکہ سابق میں پرچہ جات کے افشا کے نتیجہ میں امیدواروں میں بے چینی دیکھی جارہی تھی۔ گروپ I کی 563 جائیدادوں پر تقررات کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا اور امتحانات منعقد کئے گئے۔ گروپ III امتحانات 17 اور 18 نومبر کو منعقد ہوئے جبکہ گروپ II امتحانات 15 اور 16 ڈسمبر کو منعقد ہوں گے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے مختلف نوٹیفکیشن کے ذریعہ 3393 جائیدادوں پر تقررات کئے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 687 اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئرس محکمہ آبپاشی اور 96 اسسٹنٹ موٹر وہیکل انسپکٹرس میں احکامات تقرر حوالے کئے۔ پبلک سرویس کمیشن نے گروپ IV امتحانات کے قطعی نتائج جاری کردیئے ہیں جو گزشتہ حکومت کی میعاد سے زیر التواء تھے۔ حکومت نے پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کے ذریعہ 16,067 پولیس کانسٹبلس کے تقررات کو یقینی بنایا۔ میڈیکل اینڈ ہیلت سرویسیس ریکروٹمنٹ بورڈ کے تحت 7094 اسٹاف نرسیس کے تقررات کئے گئے جن میں 6956 کو احکامات تقرر حوالے کئے گئے۔ حال ہی میں 1284 لیاب ٹکنیشین، 2050 اسٹاف نرس اور 633 فارماسسٹس کی جائیدادوں پر تقررات کے لئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ ریاست میں 5378 جائیدادوں پر تقررات مختلف مراحل میں ہیں۔ 1