تلنگانہ میں عنقریب ڈیجیٹل اسمبلی اور ڈیجیٹل کونسل کی تجویز

   

عصری ٹکنالوجی کے ذریعہ بہتر عوامی خدمات، وزیر آئی ٹی سریدھر بابو کا کانکلیو سے خطاب

حیدرآباد۔7 ۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ عصری ٹکنالوجی کے ذریعہ نظم و نسق کو بہتر بنانے کے مقصد کے تحت حکومت ڈیجیٹل اسمبلی اور ڈیجیٹل کونسل متعارف کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ سریدھر بابو آر ٹیفشل انٹلیجنس ٹرانسفارمیشن کانکلیو سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام الیکٹرانک سرویس ڈیلیوری اور گورنمنٹ کنکٹ اداروں کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ سریدھر بابو نے کہا کہ آرٹیفشل انٹلیجنس اور دیگر عصری ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ عوامی خدمات کو بہتر بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں کے ڈیٹا کے تحفظ کیلئے بلاک چین ٹکنالوجی کی بنیاد پر سرٹیفکٹس کی اجرائی کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ٹی فائبر کے ذریعہ ڈیجیٹل کنکٹیویٹی کو بہتر بنیا جائے گا۔ حکومت کی خدمات کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے ٹکنالوجی استعمال کی جارہی ہے تاکہ گھر بیٹھے عوام سرکاری خدمات حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات میں پیپر لیس ایڈمنسٹریشن کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ انہوں نے ریاست میں ڈیجیٹل کیابینیٹ کے آغاز سے واقف کرایا۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ 20 محکمہ جات پر مبنی ڈیاش بورڈ تیار کیا گیا ہے جن میں ترقیاتی فلاحی اسکیمات کی تفصیلات درج رہیں گی۔ اس موقع پر مہاراشٹرا چیف منسٹر کے معاشی مشیر پراوین پردیسی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔1/k